1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ سے باہر

چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں انٹرمیلان نے بائرن میونخ کو ہرا دیا ہے۔ اس شکست کے بعد بائرن میونخ کلب ٹورنا منٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ منگل کے میچ میں ہار میونخ کی تیسری بڑی شکست ہے۔

default

منگل کو کھیلے گئے اس میچ میں انٹر میلان کے سیموئیل ایٹو نے کھیل شروع ہوتے ہی گول کر دیا۔ تاہم بویرین کلب میونخ نے اس کا بدلا کچھ یوں چکایا کہ پہلے ہاف کے دوران نہ صرف کھیل پر قبضہ جمائے رکھا بلکہ دو گول بھی کر دیے۔ ماریو گومیز اور تھوماس میولر کے گولز کی بدولت میونخ کی ٹیم دو ایک کی برتری سے دوسرے ہاف میں پہنچی۔

بریک کے بعد کھیل شروع ہوا تو پہلے میلان کے لیے کھیلنے والے جرمنی کے کھلاڑی ویزلے شنائڈر نے گول کر کے اسکور برابر کیا۔ اس کے بعد کھیل برابر ہو گیا اور دونوں طرف سے گول ہونے بند ہو گئے۔ کھیل کے آخری حصے میں مقدونیہ کے گوران پانڈیو نے گول کرکے انٹر میلان کو 88 ویں منٹ میں برتری دلائی، جس کے بعد میونخ پیچھے رہ گیا۔

بائرن نے اس میچ میں گول کرنے کے دو بہترین مواقع گنوائے۔ ہاف ٹائم سے پہلے فرانک ریبیری کو ایک گول کرنے کا اچھا موقع ملا تھا، جو وہ ضائع کر بیٹھے۔ گومیز کو بھی گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا، جس کا وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔

انٹر میلان کے لیے یہ جیت اس لیے اہم ہے کہ اس کا فیصلہ ’اوے‘ گول کی بنیاد پر ہوا ہے۔ چیمپیئنز لیگ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے میدان پر ایک ایک میچ کھیلتی ہیں۔ اس کے بعد دونوں میچز کے مجموعی اسکور کی

Champions League FC Bayern Inter Mailand Goran Pandev

انٹرمیلان کے کھلاڑی گوران پانڈیو

بنیاد پر فاتح کا فیصلہ ہوتا ہے۔ گزشتہ میچ میں بائرن میونخ نے میلان کے میدان پر اسے صفر ایک سے ہرا دیا تھا۔ تاہم منگل کو میونخ کے میدان پر اسکور تین دو سے میلان کے حق میں رہا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کا کل اسکور تین تین ہو گیا۔ ایسی حالت میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس ٹیم نے دوسرے کے میدان پر زیادہ گول کیے ہیں، جو ’اوے‘ گول کہلاتے ہیں۔ یہی فارمولا میلان کی جیت کی وجہ بنا کیونکہ اس نے تینوں گول میونخ کے میدان پر کیے تھے۔

فٹ بال کا یہ سیزن میونخ کے لیے بہت برا ثابت ہوا ہے۔ پچھلی مرتبہ بنڈس لیگا کا چیمپیئن میونخ اس بار اس چیمپیئن شپ سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ جرمن کپ کے سیمی فائنل میں بھی اسے شکست ہو چکی ہے اور منگل کو یورپ کی سب سے بڑی فٹ بال لیگ چیمپیئنز لیگ سے بھی یہ نکل گیا ہے۔

عام طور پر یورپ میں فٹ بال کا سیزن مئی میں ختم ہوتا ہے ، لیکن میونخ کے لیے یہ مارچ میں ہی ختم ہو گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

DW.COM

ویب لنکس