1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

ایران کو سو ایئربس طیاروں کی ترسیل کا آغاز ’امن کا روشن دن‘

تہران کے خلاف عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کو پہلی بار بیچے گئے سو ایئر بس طیاروں کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ ایرانی حکام نے یورپ میں تیار کردہ ان طیاروں کی ترسیل کے آغاز کو ’امن کے لیے ایک روشن دن‘ کا نام دیا ہے۔

Iran Air Airbus (Imago)

یورپی کمپنی ایئربس ایران ایئر کو مزید 99 مسافر طیارے فراہم کرے گی

فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے بدھ گیارہ جنوری کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق یورپی طیارہ ساز کنسورشیم ایئربس کے تیار کردہ ایسے 100 مسافر ہوائی جہازوں میں سے پہلا طیارہ آج ایران کی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر کے حوالے کر دیا گیا۔

روئٹرز کے مطابق ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں تہران کے خلاف عائد بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد بدھ کے روز ایران ایئر کے حوالے کیا گیا یہ ایئر بس طیارہ وہ پہلی مغربی ٹیکنالوجی ہے، جس تک تہران کو دوبارہ عملی رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

اس موقع پر ایران ایئر کے چیئرمین فرہاد پرورش نے کہا، ’’ان طیاروں کی فراہمی کا آغاز ایران اور یورپ کے درمیان امن اور دوستی کے لیے ایک روشن دن کی طرح ہے، جو 80 ملین کی آبادی والے ایران کے لیے شہری ہوا بازی کے شعبے میں قومی سطح پر بھی ایک یادگار دن ہے۔‘‘

آج بدھ کو ایران ایئر کے حوالے کیے گئے اس طیارے کو اس ایئر لائن کے رنگوں کی نسبت سے پینٹ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اس فضائی کمپنی کے سربراہ فرہاد پرورش نے ایئربس کے طیارہ سازی کے شعبے کے سربراہ کو بھی یہ درخواست کی کہ وہ اسی ہوائی جہاز میں سوار ہو کر ایران آئیں۔

Boeing Flugzeug auf Flughafen Teheran ARCHIVBILD 2009 (picture-alliance/dpa)

ریاستی انتظام میں کام کرنے والی ایران کی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر امریکی ادارے بوئنگ کو بھی 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا آرڈر دے چکی ہے

A321 طرز کے اس مسافر طیارے کے ایران ایئر کے تجارتی بیڑے میں باقاعدہ طور پر شامل کیے جانے کے حوالے سے ایک باقاعدہ تقریب کل جمعرات بارہ جنوری کو تہران میں اس وقت منعقد کی جائے گی، جب یہ طیارہ ایرانی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر اترے گا۔

اس مسافر طیارے میں 189 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور یہ ان 100 ایئر بس طیاروں میں سے پہلا ہوائی جہاز ہے، جن کی خریداری کے لیے ایئر بس اور ایران ایئر کے مابین ایک معاہدہ 2015ء میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کی مجموعی مالیت بیسیوں ارب ڈالر بنتی ہے۔

ایران ایئر ایک ایسی ایرانی فضائی کمپنی ہے، جس نے امریکی طیارہ ساز ادارے بوئنگ کو بھی 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا آرڈر دے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ یہی ایرانی ایئر لائن متوقع طور پر ایک اور یورپی طیارہ ساز ادارے اے ٹی آر (ATR) کے ساتھ بھی 20 مسافر ہوائی جہازوں کی خریداری کا معاہدہ کرنے والی ہے۔

DW.COM