1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

مہاجرین کا بحران

انوشکا شرما کا نیا البم یورپ پہنچنے والے مہاجرین کے نام

ممتاز ستار نواز اور کمپوزر انوشکا شرما نے اپنے نئے البم میں یورپ پہنچنے والے مہاجرین کے درد کو موسیقی کے ذریعے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ خاتون موسیقار لیجنڈری ستار نواز پنڈت روی شنکر کی بیٹی ہیں۔

جمالیاتی فنون کے ماہرین کے مطابق جنگ زدہ علاقوں سے مہاجرت کے تکلیف دہ عمل سے گزر کر کسی دوسری سرزمین پر پہنچنے والے مہاجرین کے دکھ اور درد کو موسیقی کے ذریعے بیان کرنا ایک خاصا مشکل تخلیقی عمل تصور کیا جاتا ہے۔ ممتاز ستار نواز اور کمپوزر انوشکا شرما نے اِس مشکل تخلیقی عمل سے گزرتے ہوئے اپنا نیا البم پیش کیا ہے۔ اِس البم میں شرما نے تمام آئٹمز میں یورپ پہنچنے والے مہاجرین کے کرب کو موسیقی کے ذریعے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ اُن کی اِس فنی کوشش میں کئی فنکاروں نے ساتھ دیا ہے، جن میں ماضی کی مشہور اداکارہ وینیسا ریڈگریو اور ریپر ایم آئی اے خاص طور پر نمایاں ہیں۔

خاتون ستار نواز کے مطابق اُن کےالبم میں ترتیب دیا گیا میوزک کوئی سیاسی بیان نہیں ہے بلکہ یہ اُن کے ذاتی احساسات کا ترجمان ہے۔ انوشکا شرما نے کچھ عرصہ قبل اپنے دوسرے بچے کو جنم دیا تھا اور اب زچگی کے بعد کا عرصہ ختم کر کے انہوں نے نیا البم پروڈیوس کیا ہے۔ اِس کے علاوہ اِن دنوں وہ اپنے کنسرٹس کے عالمی پروگرام کے پہلے مرحلے پر امریکی شہروں کے دورے پر ہیں۔

Indien Musik Sitar Pandit Ravi Shankar

انوشکا شرما اپنے والد پنڈت روی شرما کے ہمراہ

انوشکا شرما کے نئے میوزیکل البم کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسیقی کسی بھی فنکار کے اظہار کا ذریعہ ہوتی ہے اور خاتون ساز نواز نے اِس کا سہارا لے کر اِس عالمی بحران کو ایک نیا لہجہ دیا ہے۔ اس خاتون فنکارہ کے البم کا نام ’ لینڈ آف گولڈ ‘ ہے اور یہ رواں برس پہلی اپریل کو مارکیٹ کیا گیا ہے۔ اُن کے البم کے کم از کم دو آئٹمز ایسے ہیں، جن میں ریپر سنگر ایم آئی اے اور اداکارہ وینیسا ریڈگریو کے فن کو شامل کیا گیا ہے۔ برطانوی اداکارہ ریڈ گریو نے فجی کے بھارتی نژاد شاعر پَوَن ریڈی کے اشعار کو پڑھا ہے۔ پون ریڈی کے مہاجرت کے حوالے سے اشعار انوشکا شرما کو انسٹاگرام پر ملے تھے۔

بچپن اور جوانی کے کئی برس امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی حصے کی سان ڈیگو کاؤنٹی میں گزارنے کے بعد اب چونتیس برس کی انوشکا شرما مستقل طور پر برطانوی شہر لندن میں مقیم ہو کر رہ گئی ہیں۔ وہ اِسی شہر میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے دہلی میں بھی خاصا وقت گزارا ہے۔ وہ پانچ مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہو چکی ہیں۔ وہ معروف اداکارہ اور گلوکارہ نورا جونز کی سوتیلی بہن بھی ہیں۔ مغربی شائقینِ موسیقی کو ستار کے ساز سے روشناس اُن کے والد پنڈت روی شنکر نے ہی کروایا تھا، جو انوشکا کے لیے بھی یقیناً ایک اعزاز کی بات ہے۔

DW.COM