1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

انداز اپنا اپنا: دوسرا حصہ بنانے کی تیاری

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ سپر اسٹار عامر خان کے ساتھ مل کر سپر ہٹ کامیڈی فلم انداز اپنا اپنا کا دوسرا حصہ بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

سلمان خان

سلمان خان

1994 میں راج کمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں تیار کی گئی فلم انداز اپنا اپنا میں سلمان خان اور عامر خان کو ایک ساتھ خوب پسند کیا گیا تھا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے ان دو بڑے ناموں کو ایک بار پھر ساتھ لانے کی کوشش ہو رہی ہے تاکہ انداز اپنا اپنا کے پارٹ ٹو میں وہی کامیابی حاصل کی جاسکے۔


ایک ٹیلی وژن پروگرام ’ٹاک ٹو می‘ کے دوران جب 45 سالہ سلمان خان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی کسی فلم کا دوسرا حصہ بننے کا کوئی امکان ہے تو ان کا کہنا تھا: ’’ جی ہاں، انداز اپنا اپنا جس کے لیے (عامر خان) کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن پارٹ ٹو پہلے پارٹ سے مختلف ہو گا۔ اس میں اصل اداکاروں کی بجائے اینیمیٹد کردار ہوں گے اور اصلی اسٹار صرف کارٹون کرداروں کے لیے آواز دیں گے۔‘‘

عامر خان اور سلمان خون کو انداز اپنا اپنا میں ایک ساتھ خوب پسند کیا گیا تھا

عامر خان اور سلمان خون کو انداز اپنا اپنا میں ایک ساتھ خوب پسند کیا گیا تھا

سلمان خان نے اس پروگرام کے دوران اپنے مداحوں کے ساتھ ذاتی اور پیشہ ورانہ دونوں موضوعات پر بات کی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ دو دہائیوں پر مشتمل ان کے فلمی کیریئر اور اس کی کامیابیوں کا راز کیا ہے تو ان کا کہنا تھا: ’’جب کبھی میں یہ سب کچھ چھوڑنے کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے آپ لوگوں کی طرف سے اپنے کام کے بارے میں کی گئی حوصلہ افزائی کا خیال آتا ہے۔ تب مجھے احساس ہوتا ہے کہ مجھے ایسے خیالات کو چھوڑ کر اپنی قوت ارادی کو جمع کرکے نئے عزم کے ساتھ کام کا آغاز کرنا چاہیے۔‘‘

اس پروگرام کے دوران ان سے روایتی سوال بھی کیا گیا کہ وہ کب شادی کر رہے ہیں جس کے جواب میں سلمان خان کا سوال پوچھنے والے مداح کو جواب تھا: ’’ آپ کی شادی کے دو دن بعد‘‘۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عابد حسین

DW.COM

ویب لنکس