1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

اسرائیلی حملے میں 50 سے زیادہ لبنانی ہلاک

جنوبی لبنان کے گاﺅں قانا پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں لبنانی حکام کے بیان کے مطابق 50 سے زیادہ شہری ہلاک ہو گئے، جن میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔ اب تک کی اُنیس روزہ جنگ میں یہ سب سے زیادہ جانی نقصان کا باعث بننے والا حملہ تھا۔

قانا گاﺅں میں شہری دفاع کا ایک کارکن ملبے میں سے برآمد ہونے والے ایک بچے کی لاش اٹھائے ہوئے

قانا گاﺅں میں شہری دفاع کا ایک کارکن ملبے میں سے برآمد ہونے والے ایک بچے کی لاش اٹھائے ہوئے

اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ شہری آبادی کو پہلے سے خبردار کر دیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ اِس حملے کی ذمہ دار بالآخر حزب اللہ ہے، جس نے اِسی گاﺅں سے اسرائیل پر راکٹ فائر کئے تھے۔ اِس حملے کے بعد شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دارالحکومت بیروت میں سینکڑوں مظاہرین نے وہاں اقوامِ متحدہ کے مشن کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول دیا۔ یہ مظاہرین قانا پر حملے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اندر پڑے ہوئے ساز و سامان کو بھی نقصان پہنچا۔