1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

اسامہ بن لادن کا نیا آڈیو پیغام: پاکستان میں امدادی سرگرمیوں پر تنقید

دہشت گرد تنظیم القائدہ کے لیڈر اُسامہ بن لادن کے ایک مبینہ آڈیو ٹیپ پیغام میں پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک میں سماجی ترقی اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ایک جامع منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

default

اُسامہ بن لادن نے سیلاب سے تباہ حال پاکستان میں جاری امدادی سر گرمیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نیز القائدہ کے لیڈر نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف ایک مؤثر ایکشن کی اپیل بھی کی ہے۔ بن لادن کے یہ نئے بیانات جمعہ کو ایک اسلام پسند فورم پر نشر ہونے والے تازہ ترین آڈیو پیغام کے ذریعے سامنے آئے ہیں۔ اس آڈیو ٹیپ کے مستند ہونےکی اگرچہ کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، تاہم گیارہ منٹ کے اس پیغام کے ساتھ اسامہ بن لادن کی ساکت تصویر دکھائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ویڈیو کے ذریعے پاکستان میں آنے والے ملکی تاریخ کے خوفناک ترین سیلاب کے ہولناک سین دکھائے گئے ہیں۔

Bin Laden und El Zawahiri in El Kaida Camp

اُسامہ بن لادن کے پیغامات پر مشتمل ٹیپس ہر تھوڑے عرصے پر سامنے آتے ہیں

یہ پیغام کب جاری کیا گیا اس کا تو معلوم نہیں ہے تاہم اُسامہ کا یہ پیغام مسلمانوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارکباد سے شروع ہوتا ہے، جو 9 ستمبر کو اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ القاعدہ کے قائد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہیں اُن پاکستانی ماؤں کی آہ و بکا سننے کو ملی ہے جن کی بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ اُسامہ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے معاشروں کے بنیادی ڈھانچوں اور گھروں کی تعمیر کی منصوبہ بندی میں دور اندیشی اور دانشمندی سے کام لیں۔ بن لادن کے بقول غربت کے شکار علاقوں میں کھیتی باڑی کے مناسب انتظامات اور سڑکوں کی تعمیر کی اشد ضرورت پائی جاتی ہے۔ خاص طور سے سوڈان، صومالیہ، چاڈ اور یمن جیسے ممالک میں۔

Pakistan Flutkatastophe

اُسامہ کے مبینہ تازہ ترین پیغام میں اس بار پاکستان میں سیلاب کی تباہی اور امدادی کاموں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے

اسامہ بن لادن نے اپنے پیغام میں مسلم تجارت پیشہ گھرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ماحولیات میں رونما ہونے والی تبدیلی سے پہنچنے والے نقصانات کے ازالے اور ناگہانی آفات زدہ علاقوں کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان کاموں کے لئے اپنی دولت کا استعمال کریں۔ اس بارے میں اسامہ نے اپنے پیغام میں کہا’ آج معاملہ نفع ونقصان کا نہیں ہے بلکہ یہ مسئلہ ہے زندگی اور موت کا‘۔

مبینہ طور پر اسامہ بن لادن کے پیغام پر مشتمل اس آڈیو ٹیپ کا دورانیہ ماضی کے مقابلے میں مختصر تھا اور وہ اپنے لہجے میں غیر معمولی حد تک ریزرو سنائی دے رہے تھے۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ منظر عام پر آنے والا ایمن الظواہری کا ٹیپ کہیں زیادہ پُر زور تھا، جنہیں اسامہ بن لادن کا نائب تصور کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان

DW.COM

ویب لنکس