1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

آنا چاپمان کو ’بالغوں کے لئے‘ فلم کی پیش کش

روسی جاسوس آنا چاپمان کو بالغوں کے لئے فلمیں بنانے والی ایک معروف کمپنی نے ایک کردار کی پیش کش کر دی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس قدر حسین جاسوس طویل عرصے سے دکھائی نہیں دی۔

default

آنا چاپمان

اٹھائیس سالہ چاپمان ان دس روسی جاسوسوں میں سے ایک تھیں جنہیں گزشتہ ماہ امریکہ میں گرفتار کیا گیا۔ بعدازاں تمام ایجنٹوں کو قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے کے تحت روس کے حوالے کر دیا گیا۔

وِوِڈ انٹرٹیمنٹ کے سربراہ اسٹیون ہیرش کہتے ہیں، ’آنا یقینی طور پر حسین ہے، اتنی خوبصورت جاسوس ہم نے طویل عرصے سے نہیں دیکھی اور وہ یقینی طور پر میڈیا کی فیورٹ ہے۔‘

وِوِڈ انٹرٹیمنٹ نے آنا کو اپنی آئندہ فلم میں کام کی پیش کش امریکہ میں ان کے وکیل کو خط کے ذریعے کی ہے، یہ خط اس فلم کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔

اسٹیون ہیرش کہتے ہیں، ’آنا جاسوس کے طور پر اتنی کامیاب نہیں رہیں لیکن وہ ہماری ایک آئندہ فلم کے لئے زبردست اداکارہ ہو سکتی ہیں۔ اگر وہ راضی ہوں تو ہم فلم بندی کے لئے اپنے ایک منجے ہوئے ہدایت کار کو ان کے ساتھ کام کرنے کے لئے ماسکو بھیجنے پر تیار ہیں۔‘

آنا چاپمان کی گرفتاری کے بعد ان کی نیم عریاں تصاویر اور ان کے رومانس کی داستانیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنیں۔ یہ رجحان برطانیہ میں بالخصوص غالب رہا جہاں انہوں نے لندن میں متعدد سال گزارے اور برطانوی شہری ایلکس چاپمان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھیں۔

ان کے پاس برطانوی شہریت تھی۔ تاہم رواں ماہ برطانیہ نے ان کی شہریت منسوخ کر دی جبکہ وہاں کی وزارت داخلہ ان کے دوبارہ ملک میں داخلے کے امکان کو ختم کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وِوِڈ انٹرٹینمنٹ رواں برس کے آغاز پر لاس اینجلس میں آٹھ بچوں کو جنم دینے والی 34 سالہ خاتون نادیہ سلیمان کو بھی اپنی ایک فلم میں کام کرنے کی پیش کش کر چکی ہے، جسے انہوں نے ردّ کر دیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

DW.COM