1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

آج منایا جانے والا کرسمس کا مسیحی تہوار

دنیا بھر کے مسیحی باشندے آج منگل کے روز کرسمس کا مذہبی تہوار پوری عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔ 24 اور 25 دسمبر کی درمیانی رات پاپائے روم بینے ڈکٹ شانزدہم نے ویٹی کن سٹی میں ہونے والی ایک روائتی مذہبی تقریب کے ساتھ کرسمس کی امسالہ تقریبات کا آغاز کیا۔

ایک جرمن گرجا گھر کے سامنے روشن کرسمس کا درخت

ایک جرمن گرجا گھر کے سامنے روشن کرسمس کا درخت

دوگھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہنے والی اور نصف شب کے بعد ختم ہونے والی اس تقریب میں پاپائے روم نے دنیا بھر میں عیسائیوں کو اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور کروڑوں غریب اور بے گھر انسانوں کا ذکر بھی کیا۔

یہ تقریب 57 ملکوں میں براہ راست دکھائی گئی ۔ آخر میں پوپ نے دنیا بھر کے عیسائیوں کو 60 مختلف زبانوں میں کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ کرسمس کی اسی رات فلسطینی خود مختار علاقوں میں بیت اللحم کے شہر میں جشن ولادت مسیح کی مڈنائٹ سروس حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش قرار دیئے جانے والے Church of Nativity میں ہوئی جس میں مقامی مسیحی آبادی اور اور غیر ملکی عیسائی زائرین کی ایک بہت بڑی تعدادنے حصہ لیا۔

مسیحی دنیا میں آج منائے جانے والے کرسمس کے اسی تہوار کے موقع پرمسلمانوں کی 138 سرکردہ مذہبی شخصیات پر مشتمل ایک گروپ نے پہلی مرتبہ اپنے ایک مشترکہ تحریری پیغام میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ یہ مبارکباد عربی، انگریزی، فرانسیسی اور لاطینی کے علاوہ کئی زبانوں میں پیش کی گئی۔

انتہائی سرکردہ مسلمان علماءکا یہ گروپ مسلمانوں کے تقریباً ہر دینی مکتبہ فکر کی نمائندگی کرتا ہے جس نے اسی سال اکتوبر کے مہینے میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے مابین سنجیدہ مکالمت کے لئے ایک نئی پیش رفت بھی شروع کی تھی ۔