1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: زینب کا مبینہ قاتل گرفتار کر لیا گیا، پولیس

صائمہ حیدر
17 جنوری 2018

پاکستانی پولیس حکام کے مطابق سات سالہ زینب کے ریپ اور قتل کا مبینہ ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کے شہر قصور میں سات سالہ بچی زینب امین کے ریپ اور قتل کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2qzl9
Twitter Pakistan Justice for Zainab
پولیس کو زینب امین انصاری کی لاش اُس کے لاپتہ ہونے کے چار روز بعد کوڑے کے ایک ڈھیر سے ملی تھیتصویر: Twitter

گزشتہ ہفتے چار روز تک لاپتہ رہنے کے بعد زینب کی لاش ملنے پر پاکستان میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی تھی اور اس سانحے کے بعد پولیس پر نا اہلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ دو پولیس اہلکاروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے لاہور میں بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ‍زینب کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد اسے قتل کرنے کے جرم میں اہم ترین مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ان میں سے ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا،’’ ہمیں جو ثبوت ملے ہیں اُن کی روشنی میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہی اصل مجرم ہے۔‘‘ ان پولیس اہلکاروں نے اپنی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا کیونکہ وہ زینب قتل کیس کی تفصیلات ظاہر کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

پولیس کو زینب امین انصاری کی لاش اُس کے لاپتہ ہونے کے چار روز بعد کوڑے کے ایک ڈھیر سے ملی تھی۔ قصور کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک سال میں اس علاقے میں ہونے والا یہ اس طرز کا بارہواں واقعہ ہے۔ شہر کے رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ یہ کسی سیریل کلر کا کام ہو سکتا ہے جو اگر گرفتار نہ کیا گیا تو اس طرز کے مزید سانحات جنم لے سکتے ہیں۔ مقامی پولیس اصل مجرم تک پہنچنے کے لیے اب تک سینکڑوں مشتبہ افراد سے تفتیش کر چکی ہے۔

پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف نے بدھ سولہ جنوری کو قصور شہر کا دورہ کیا تھا اور متعلقہ حکام کے ساتھ زینب قتل کیس کے سلسلے میں جاری تحقیقات کے حوالے سے میٹنگ بھی کی تھی۔ شریف نے زینب کے قاتل کی نشاندہی کرنے والے شخص کے لیے دس ملین پاکستانی روپوں کا انعام بھی مقرر کر رکھا ہے۔