1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام اور مہاجرین مخالف جرمن پارٹی اب یورپی پارلیمان کے خلاف

13 جنوری 2019

جرمنی میں اسلام اور مہاجرین کی آمد کی مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی اب یورپی پارلیمان کے بھی خلاف ہو گئی ہے۔ پارٹی کے ایک کنوینشن میں یہ رائے سامنے آئی کہ یورپی پارلیمان غیر ضروری ہو چکی ہے، جسے ختم کر دیا جانا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/3BUaF
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Skolimowska

جرمنی میں لاکھوں مہاجرین اور غیر ملکی تارکین وطن کی آمد کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحرانی حالات کے پس منظر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کافی عوامی تائید حاصل کر لینے والی یہ جماعت الٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ (AfD) یا ’جرمنی کے لیے متبادل‘ کہلاتی ہے۔ اپنی سیاسی سوچ کے لحاظ سے یہ پارٹی کافی حد تک انتہائی دائیں بازو کی پاپولسٹ سیاسی جماعت ہے۔

Deutschland AfD - Europawahlversammlung in Riesa | Meuthen und Gauland
اے ایف ڈی کے دونوں مرکزی رہنما، ژورگ موئٹن، بائیں، اور آلیکسانڈر گاؤلینڈتصویر: picture-alliance/dpa/M. Skolimowska

اس جماعت کا ایک ملک گیر کنوینشن اس وقت شہر ’رِیزا‘ میں ہو رہا ہے، جہاں اس اجتماع کے مندوبین کی بڑی تعداد کی طرف سے اتوار تیرہ جنوری کو یہ رائے سامنے آئی کہ یورپی پارلیمان ’غیر ضروری‘ ہو چکی ہے، جس کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جانا چاہییں۔

قول و فعل کا تضاد

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق اس کنوینشن میں اے ایف ڈی کے مندوبین نے اپنے مستقبل کے جس سیاسی ارادے کا اظہار کیا، وہ دراصل حقیقت اور خواہش کے درمیان ایک بڑے فرق اور قول و فعل کے تضاد کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔

اس کا ثبوت یہ ہے کہ جس کنوینشن میں یورپی پارلیمان کو ’غیر ضروری‘ اور ’عضو معطل‘ قرار دیا گیا، وہی اجتماع اسی یورپی پارلیمانی ادارے کی آئندہ رکنیت کے لیے اپنے ممکنہ امیدواروں کے انتخاب کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔

اے ایف ڈی کا یہ ’یورپی کنوینشن‘ جمعہ گیارہ جنوری کو شروع ہوا تھا، جو پیر چودہ جنوری تک جاری رہے گا۔ اس پارٹی اجلاس میں مندوبین کو اپنی جماعت کی یورپ اور یورپی یونین سے متعلق سیاست کے رخ کا تعین بھی کرنا ہے۔ لیکن ساتھ ہی اسی اجلاس میں ان امیدواروں کے ناموں کا حتمی انتخاب بھی کیا جانا ہے، جو اس جماعت کی طرف سے 26 مئی کو ہونے والے آئندہ یورپی پارلیمانی انتخابات میں جرمنی سے امیدوار ہوں گے۔

بریگزٹ ہی کی طرح ’ڈیگزٹ‘

اس پارٹی نے اسی یورپی پارلیمان کو اپنے طور پر ’عضو معطل‘ قرار دے دیا، جس کے رکنیت کے لیے اسے اپنی صفوں میں سے بہت سے سیاسی چہروں کی تلاش ہے۔ یہی نہیں بلکہ اس کنوینشن میں یہ بات بھی کہی گئی کہ جرمنی کو برطانیہ کے بریگزٹ (Brexit) کی طرز پر اپنے لیے ڈیگزٹ (Dexit) کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔

اس Deutschland Exit یا Dexit سے مراد یہ تھی کہ جرمنی کو بھی آئندہ یورپی یونین سے نکل جانا چاہیے اور اے ایف ڈی اس کے لیے اپنی سیاسی مہم 2024ء میں شروع کرے گی۔ لیکن کنوینشن کی ایک ممکنہ قرارداد کے طور پر اس تجویز کو مندوبین کی اکثریت کی تائید حاصل نہ ہو سکی اور یوں اس پارٹی نے ابتدائی طور پر اس نام نہاد ’ڈیگزٹ‘ کے بارے میں جو کچھ بھی سوچا تھا، اس سے متعلق اس اجلاس میں ہی خاموشی اختیار کر لی گئی۔

یورپی پارلیمان ’غیر جمہوری‘ ادارہ

انتہائی دائیں بازو کی اس جرمن سیاسی جماعت نے یورپی پارلیمان کو ’غیر ضروری‘ یہ کہتے ہوئے قرار دیا کہ اپنے ’موجودہ 751 مراعات یافتہ ارکان‘ کے ساتھ یہ یورپی پارلیمانی ادارہ، جس کے اجلاس برسلز اور اسٹراسبرگ میں ہوتے ہیں، ایک ’غیر جمہوری‘ ادارہ بن چکا ہے۔ آیا یہ موقف واقعی اس پارٹی کا باقاعدہ سیاسی موقف ہے، اس بارے میں کنوینشن کے مندوبین کے مابین رائے شماری آج اتوار ہی کی رات ہو رہی ہے۔

ساتھ ہی اسی کنوینشن میں مندوبین کی طرف سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ یورپی یونین کی پارلیمان کے بجائے ایک ایسی یورپی اسمبلی تشکیل دی جانا چاہیے، جس کے ’مندوبین‘ کی تعداد زیادہ سے زیادہ 100 ہو۔

اتفاق رائے ایک مشکل ہدف

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس کنوینشن کے شرکاء اپنی باہمی مشاورت اور بحث و مباحثے کے شروع کے پورے دو دنوں یعنی کل ہفتے کی رات تک تو اس سلسلے میں کسی بھی اتفاق رائے تک پہنچنے کے عمل میں شدید مشکلات کا شکار رہے کہ یورپی پارلیمانی انتخابات کے لیے اے ایف ڈی کے پارٹی امیدواروں کی فہرست میں کس کس کو جگہ ملنا چاہیے اور کس کس کو نہیں۔

م م / ش ح / ڈی پی اے، اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں