یو ایس اوپن اپنے حتمی مراحل میں
4 ستمبر 2008 نیویارک میں کھیلے جانے والے گرینڈ سلیم ایونٹ کے خواتین کے انفرادی مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں چوتھے نمبر کی امریکی کھلاڑی سیرینا ویلیمز نے اپنی بہن وینس ویلیمز کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی ۔ سیرینا کی فتح کا اسکور سات چھ اور سات چھ رہا ۔
یہ سیرینا کی وینیس ویلیمز کے خلاف یو ایس اوپن میں دوسری کامیابی ہے ، وہ اس سے قبل2002 کے فائنل میں وینیس کو شکست دے کر ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ چھٹے نمبر کی روسی کھلاڑی دینا را سفینا نے اٹلی کی فلیویا پینیٹا کو باآسانی شکست دے کر آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنالی ۔ سفینا نے یہ کامیابی چھ دو اور چھ تین کے اسکور کے ساتھ حاصل کی۔
مردوں کے انفرادی مقابلوں کے پہلے کواٹر فائنل میں چھٹے نمبر کے برطانوی کھلاڑی کے اینڈی مرے کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے سخت جدوجہد کرنا پڑی ۔ مرے نے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے یو آن ڈیل پوٹرو کو سات چھ ، سات چھ ، چار چھ اور سات پانچ سے زیر کیا ۔
دوسرے کواٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک رافائیل نادال نے امریکہ کےمارڈی فش کو تین چھ، چھ ایک، چھ چاراورچھ دو سےشکست دے کر گرینڈ سلیم ایونٹ سے باہر کر کے کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔