1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ایس اوپن: آج سے شروع

30 اگست 2010

ٹینس سپورٹ کا چوتھا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن آج سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹینس ورلڈ میں یہ ٹورنامنٹ جداگانہ اہمیت کا حامل ہے اور فائبز کورٹس پر کھیلا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/Oz3O
دفاعی چیمپیئن: کم کلائسٹرزتصویر: AP

ڈنمارک کی ٹینس سٹار کیرولین ووصنیاکی اور ہسپانوی عالمی نمبر ایک رافائیل ندال گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں پسندیدہ ترین کھلاڑی قرار دیئے گئے ہیں۔ خواتین کی عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز اور بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر ایک جسٹن ہینن اپنی اپنی انجریز کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے پہلے ہی دستبردار ہو چکی ہیں۔ گزشتہ سال مردوں کے چیمپیئن کھلاڑی ڈیل پوٹرو بھی اپنی کلائی کی چوٹ سے نجات نہیں پاسکے ہیں اور وہ بھی ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہیں۔ خواتین کی دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز البتہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔

Serena Williams und Rafael Nadal
سیرینا ولیمز اور رافاعیل ندال: فائل فوٹوتصویر: AP

مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کے لئے راؤنڈ ایک کے لئے کھلاڑی چار خانوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ ہر خانے سے کھلاڑی اگلے مرحلے میں داخل ہوتا جائے گا۔ پہلے اور دوسرے خانے کے ونر سیمی فائنل میں مقابلہ کریں گے اور تیسرے چوتھے خانوں کے کھلاڑی دوسرے سیمی فائنل میں مقابلہ کریں گے۔ اس طرح یہ ٹورنامنٹ بقیہ گرینڈ سلیم کی طرح ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلا جاتا ہے۔ خواتین سنگلز میں پہلا میچ ووصنیاکی کھیلیں گی۔

ٹورنامنٹ کی فیورٹ کھلاڑی کیرولین ووصنیاکی پہلے اور دوسرے خانے میں موجود ہیں۔ اس میں ان کو اگلے مرحلوں تک رسائی قدرے آسان دکھائی دیتی ہے۔ اگر وہ کسی اپ سیٹ کا شکار نہ ہوئیں۔ دفاعی چیمپیئن کم کلائسٹرز کو اپنے راؤنڈ میں چند اہم کھلاڑیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان میں وینس ولیمز اور انا ایوانووچ شامل ہیں۔ ماہرین کے خیال میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں تیسرے اور چوتھے خانے میں زبردست مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

Tennis US Open Sieger Roger Federer
سابقہ عالمی نمبر ایک: راجر فیڈرر، فائل فوٹوتصویر: dpa

مردوں کے سنگلز کی شروعات عالمی نمبر ایک رافائیل ندال سے ہو گی۔ ان کا مقابلہ ایک روسی کھلاڑی گباش ولی سے ہو گا۔ دوسری جانب سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر بھی ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ وہ مردوں کے چارسنگلز مقابلوں کے چوتھے حصے میں ہیں۔ تیسرے اور چوتھے حصے میں خطرناک کھلاڑی موجود ہیں جن میں مونفل، بغداتس، نوواک جوکووچ اور سوڈرلنگ نمایاں ہیں۔

گزشتہ سال خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں کم کلائسٹرز نے کیرولین ووصنیاکی کو ہرایا تھا جب کہ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ارجنٹائن کے ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو نے راجر فیڈرر کو شکست دی تھی۔ گزشتہ سال ریٹائرمنٹ ختم کرکے ٹینس کورٹ پہنچنے والی کم کلائسٹرز نے یکے بعد دیگرے وینس ولیمز اور سیرینا ولیمز کو شکستوں سے دوچار کیا تھا۔ گزشتہ سال ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت کے وقت کوئی عالمی رینکنگ نہیں تھی لیکن اس وقت وہ عالمی نمبر تین ہیں۔

سنگلز مقابلے جیتنے والے مرد اور خاتون کھلاڑی کو ونر ٹرافی کے ساتھ فی کس سولہ لاکھ امریکی ڈالر بطور انعام دیئے جاتے ہیں۔ ہارنے والے مرد اور خاتون کھلاڑی کو انعامی ٹرافی کےعلاوہ آٹھ لاکھ ڈالر کی رقم ملتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں