1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوگینڈا میں لینڈ سلائیڈنگ سے سوسے زائد افراد ہلاک

3 مارچ 2010

یوگینڈا کے مشرقی پہاڑی علاقے بودودا میں زمینی تودے گرنے سے کم از کم سو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان ہلاکتوں کی تصدیق یوگینڈا کے وزیر برائے قدرتی آفات و ہنگامی حالات موسیٰ ایکویرو نے کی۔

https://p.dw.com/p/MI7M
اس قدرتی آفت کے بعد تین سو افراد اب تک لاپتہ ہیںتصویر: DW

موسیٰ ایکویرو نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ امدادی کارکنان چھوٹے آوزاروں کی مدد سے ملبے سے ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ ایکویرو نے نے کہا کہ انہوں نے خود 56 افراد کی لاشیں دیکھی ہیں تاہم انہیں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 106 ہے۔ ایکویرو کے مطابق ابھی تک 60 بچے لاپتہ ہیں جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین سو ہے۔ موسی ایکویرو کے مطابق متاثرہ افراد کے لئے فوری قیام گاہ انتہائی ضروری ہیں۔ ابتدائی طور پر متاثرہ افراد کو ایک قریب مرکز صحت میں جگہ دی گئی تھی تاہم یہ مرکز بھی رات بھر جاری رہنے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث زمین بوس ہو گیا۔

موسیٰ ایکویرو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے لئے ضروری سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔

زندہ بچ جانے والے ایک فرد جیمز کاساوی نے ایک خبر رساں ادارے AP کو بتایا کہ جب لینڈ سلائیڈنگ کا آغاز ہوا تو وہ ایک چرچ میں تھا ۔

’’ایک پَل میں چرچ کی عمارت منہدم ہوگئی۔ تمام علاقے کو مٹی نے گھیر لیا۔ مجھ سے آگے بیٹھے ہوئے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ صرف میں ہی بچ پایا کیونکہ میرا سر مٹی سے باہر تھا۔‘‘

یوگینڈا کے مشرقی علاقوں میں آنے والے سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث ایسی مشینری کی بھی متاثرہ علاقوں تک منتقلی مشکل ہے، جوامدادی سرگرمیوں کو تیز اور بچ جانے والے افراد کو ملبے سے نکالنے میں مدد دے سکیں۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت عدنان اسحاق