1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائن میں ریل حادثے میں چالیس افراد ہلاک

12 اکتوبر 2010

مشرقی یورپی ملک یوکرائن کے مشرقی حصے میں منگل کی صبح ایک مال بردار ریل گاڑی اور ایک مسافر بس کے درمیان دنیپرو پیترووسک کے علاقے میں ہونے والے تصادم کے نیتجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/PcS4
تصویر: AP

کی ایف میں ملکی وزارت داخلہ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا۔ اس مہلک واقعے میں مسافر بس کے ڈرائیور نے ریلوے کراسنگ پر لگا سگنل سرخ ہونے اور قریب آتی جا رہی مال گاڑی کا سائرن سننے کے باوجود جلدی سے پٹڑیاں عبور کرنے کی کوشش کی لیکن اسی دوران یہ تیز رفتار مال گاڑی اس بس سے ٹکرا گئی۔

یہ تصادم اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کافی دور تک سنی گئی۔ بس میں سوار مسافروں میں سے کئی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹوں میں ہلاک شدگان کی تعداد 37 بتائی جا رہی تھی مگر بعد میں ملنے والی رپورٹوں میں یہ تعداد کم از کم بھی چالیس بتائی گئی۔ اس بس کے بہت سے مسافر زخمی بھی ہو گئے، جن میں کئی ایک کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔

Ukraine zwischen Russland und der EU Praesident der Ukraine Viktor Janukowitsch Flash-Galerie
یوکرائن کے صدر وکٹر یانوکووچتصویر: AP

یوکرائن کے وزیر اعظم مائکولا آزاروف اور ان کی کابینہ کے ارکان نے اس حادثے میں اتنی زیادہ تعداد میں انسانی ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حکومت نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے ہر ایک کے لواحقین کو قریب دس ہزار یورو زر تلافی ادا کیا جائے گا۔

کی ایف میں آج قبل از دوپہر ہونے والے ملکی کابینہ کے ایک اجلاس میں شرکاء نے ہلاک شدگان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

یوکرائن میں خراب سڑکیں، ریل گاڑیوں اور نجی کاروں کی مناسب دیکھ بھال کا فقدان اور ڈرائیوروں اور مسافروں کی طرف سے ٹریفک قوانین کی عمومی خلاف ورزیاں اکثر مہلک حادثات کا سبب بنتی رہتی ہیں۔

رپورٹ: سمن جعفری

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں