1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں دوسرے بچت بل کے لیے ووٹنگ آج

30 جون 2011

یونان کے پارلیمنٹ میں دوسرے بچت بل کے لیے ووٹنگ آج ہو رہی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے اس نوعیت کا پہلا بل بدھ کو منظور کر لیا تھا، جس کا یورپی یونین نے خیر مقدم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11m7u
تصویر: picture alliance/dpa

یونان کو مالیاتی بحران کا سامنا ہے اور اس کے لیے یورپی یونین اور آئی ایم ایف سے مالی امداد کے حصول کے لیے ان قوانین کی منظوری بنیادی شرط ہے۔ دوسرے بل کے لیے ووٹنگ جمعرات کوعالمی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے ہو گی، تاہم ووٹنگ شروع ہونے کا انحصار پارلیمانی بحث کے اختتام پر ہے، جو بدھ کی شام شروع ہوئی۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے پارلیمانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ووٹنگ پارلیمانی بحث کے بعد شروع ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ اس قانون کے حق یا مخالفت میں زبانی ووٹ دیں گے۔

اُدھر یورپی رہنماؤں نے بدھ کو یونانی پارلیمنٹ کی جانب سے بچتی بل کی منظوری کو تاریخی قرار دیا ہے۔ یورو گروپ کے سربراہ ژاں کلود ینکر کا کہنا ہے: ’’اس پروگرام سے، یونان نے اقتصادی اور بجٹ کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے اپنی لگن کو ٹھوس بنا لیا ہے۔ اب یورو زون کے ممالک اور آئی ایم ایف کی جانب سے باہمی قرضے کی پانچویں قسط کی ادائیگی کے لیے راستہ ہموار ہے۔‘‘

EU-Gipfel in Brüssel
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: dapd

یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئے اور یورپین کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو نے مشترکہ بیان میں یونان میں بچتی قوانین پر ووٹنگ کے عمل کو کفایت شعاری کے منصوبوں کے نفاذ کا ایک پیکیج قرار دیا۔

انہوں نے اسے یونان کی جانب سے اٹھایا جانے والا اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ دوسرے بل کی منظوری سے قرضے کی آئندہ قسط کی ادائیگی یقینی ہو جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالیاتی امداد کے آئندہ پیکیج پر بھی کام کی رفتار تیز ہو جائے گی۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایتھنز میں ہونے والی ووٹنگ کو یونان کے مستقبل اور یورو کے استحکام کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں