1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوم عاشور: کربلا میں نو بم ناکارہ بنا دئے گئے

28 دسمبر 2009

عرب دنیا میں بھی گزشتہ روز سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ یوم عاشور منایا گیا۔ عراقی سیکیورٹی فورسز کے مطابق اِس دوران کربلا میں نو بم ناکارہ بنا دئے گئے۔

https://p.dw.com/p/LFhK
یوم عاشور کو کم ازکم تین ملین عزادار کربلا میں جمع ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

اگرچہ ملک کے دیگر علاقوں میں پر تشدد واقعات اور بم دھماکوں میں کم ازکم 32 عزادار جاں بحق ہوئے لیکن اس مرتبہ عراق میں یوم عاشور، گزشتہ سالوں کی نسبت پرامن رہا۔ عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے سیکیورٹی فورسز کی ’غیر معمولی کوششوں‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے کربلا میں دہشت گردی کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ عراقی تاریخی شہر کربلا میں ہی صرف پچیس ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

عراق میں عزاداری کا سب سے بڑا جلوس کربلا میں نکالا گیا۔ لاکھوں عزادار ماتمی لباس پہنے علم اور ذوالجناح کے جلوس لئے برآمد ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق محرم کے ابتدائی دس دنوں کے دوران چھ ملین عزاداروں نے کربلا کا رخ کیا، جن میں تقریباً ایک لاکھ زائرین غیر ممالک سے عراق آئے۔ اس دوران کربلا کے مقام پر بڑے پیمانے پر ممکنہ دہشت گردی کے خطرات بھی تھے۔

کربلا کے سیکیورٹی آپریشنز کے سربراہ نے بتایا کہ کربلا کے شمال میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے کئی مشتبہ ممبران کو گرفتار کیا گیا۔ جنرل عثمان نے یوم عاشور کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ مشتبہ تخریب کاروں نے ماتمی جلوسوں کے مرکزی راستے میں بارودی سرنگیں بچھانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ صرف عاشورہ کے دن ہی کربلا کے مقام پر مرکزی ماتمی جلوس کے لئے تین لاکھ عزادار جمع ہوئے۔ سن 680 ء میں کربلا کے مقام پر نواسہ پیغمبر اسلام حسین بن علی، خلیفہ وقت یزید بن معاویہ کے خلاف حق و باطل کی جنگ میں اپنی جان دے کر سرخرو ہوئے۔ اس لئے بالخصوص شیعہ مسلمانوں کے لئے کربلا کا مقام خصوصی نسبت رکھتا ہے۔

Irak Schiiten in Karbala Moschee
کربلا میں واقع نواسہ پیغمبر اسلام حیسن بن علی کا مزارتصویر: AP

ناقدین کا کہنا ہے کہ عراق میں بحیثت مجموعی پرامن یوم عاشورکے بعد عراقی وزیراعظم نوری المالکی کی سیاسی پوزیشن مستحکم ہوئی ہے۔ عراق میں سات مارچ کو پارلیمانی انتخابات منعقد کئے جا رہے ہیں اور اس مرتبہ محرم کے دوران کسی بڑے دہشت گرد واقعہ کے پیش نہ آنے کی وجہ سے نوری المالکی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

یوم عاشور کے اجتماعات لبنان میں بھی منعقد ہوئے۔ اِس موقع پر بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے ہزاروں شیعہ مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے مصر پر زور دیا کہ وہ غزہ سے ملحقہ اپنی سرحد پر اسٹیل کی دیوار تعمیر نہ کرے۔ نصر اللہ نے کہا کہ یہ وہی راستہ ہے، جہاں سے ناکہ بندی میں گھری غزہ پٹی میں ضروریات زندگی کی اشیاء لائی جاتی ہیں۔ نصر اللہ نے کہا کہ اگر مصری حکومت اس دیوار کی تعمیر کا کام جاری رکھتی ہے تو اُس کی شدید مذمت کی جانی چاہئے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی