1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کا سب سے بڑا فٹ بال اسکینڈل، تین افراد کو سزائیں

15 اپریل 2011

یورپ میں اب تک کے سب سے بڑے فٹ بال اسکینڈل میں ملوث ہونےکے الزام میں تین افراد کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان تینوں کا تعلق فٹ بال کے میچوں پر شرطیں لگانے والے ایک گروپ سے ہے۔

https://p.dw.com/p/10tws
تصویر: picture-alliance / Sven Simon

جرمن شہر بوخم میں چلنے والےاس مقدمے میں فٹ بال کے میچوں پر شرطیں لگانے والے ان افراد نے تسیلم کیا کہ انہوں نے میچ پہلے ہی سے فکس کروانے کی کوششیں کی تھیں۔ ان کے بقول انہوں نے یورپین لیگ کی سطح پر کوئی 18میچوں میں اپنے من پسند نتیجے حاصل کرنے کے لیے کھلاڑیوں اور ٹیم کے دیگر حکام کو رشوت دی تھی۔

اس مقدمے میں سب سے طویل سزا یعنی 3 سال اور11مہینے، ایک اسپورٹس کیفے کے مالک اسٹیفن آر کو دی گئی۔ ٹونا اے نامی جواری کو3 سال اور 8 ماہ۔ اسی طرح ایک اور اسپورٹس کیفے کے مالک کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم یہ بات ثابت نہیں ہو سکی کہ آیا کیا واقعی میچ پہلےسے ہی فکس ہوگئے تھے اور یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ جن کھلاڑیوں کو رشوت کی پیشکش کی گئی تھی، انہوں نے میچ کے دوران خراب کارکردگی دکھائی یا نہیں۔

Rostock gegen Bremen
ساپینا کے بقول اس نے کھلاڑیوں اور ریفریوں کو رشوت دی ہےتصویر: AP

جن میچوں پر فکسنگ کا شبہ کیا گیا ہے وہ جرمنی، بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ، کروشیا، سلووینیا، ہنگری، بوسنیا ہیرزیگووینا اور آسٹریا میں کھیلے گئے تھے۔ اس اسکینڈل کے سامنے آتے ہی پولیس نے جرمنی کے علاوہ سوئٹزر لینڈ، برطانیہ اور آسٹریا میں پچاس مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران 17 افراد کو حراست میں لیتے ہوئے بھاری مقدار میں رقم بھی برآمد کی گئی تھی۔ اِن میں سے پندرہ کو جرمنی جبکہ دو کو سوئٹزرلینڈ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ آخر میں عدالت نے چھ افراد کے خلاف مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا۔

گرفتارشدگان میں برلن سے تعلق رکھنے والے آنتے ساپینا بھی شامل ہیں۔ 35 سالہ ساپینا اور ان کے ساتھ 5 مزید افراد پر یورپی سطح پر47 میچوں کو فکس کرانے کی کوششوں کا الزام ہے۔ ساپینا نے مقدمے کی کارروائی کے ابتدائی مراحل میں قبول کیا تھا کہ انہوں نے یورپ میں فٹ بال کے نگران ادارے کے ایک اہلکار کو 50 ہزار یورو کی رشوت دی تھی۔ ان کی خواہش تھی کہ بوسنیا سے تعلق رکھنے والے ایک ریفری کو مخصوص میچوں میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا جائے۔ اس طرح مذکورہ ریفری نے 9 ستمبر 2009ء کو لشٹن شٹائن اور فن لینڈ کے مابین عالمی کپ کے ایک کوالیفائنگ میچ میں اور سوئٹزرلینڈ اور جورجیا کی انڈر 21 ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ایک میچ میں فرائض انجام دیے تھے۔ ان دونوں میچوں کی بارے میں تحقیقات بھی جاری ہیں۔

Wettskandal Fussball
یورپین لیگ کی سطح پر کوئی 18میچوں میں فکسنگ کیے جانے کا شبہ ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بوخم شہر کے دفتر استغاثہ نے اس سلسلے میں تقریباً 300 افراد سے پوچھ گچھ کی تھی۔ اس حوالے سے مزید افراد پر فرد جرم بھی عائد کی جاسکتی ہے۔ استغاثہ نے مزید بتایا کہ آنتے ساپینا اور اس کے پانچ ساتھیوں کے علاوہ اس اسکینڈل میں ملوث ایک اور شخص کے خلاف مقدمے کی کارروائی ابھی جاری رہے گی۔ اس حوالے سے مئی میں عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کی امید ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں