یورپ میں ایک لاکھ بیس ہزار مہاجرین کی آباد کاری کی تجویز
3 ستمبر 2015یورپی یونین کے برسلز میں واقع صدر دفاتر سے جمعرات تین ستمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یورپی کمیشن کے ایک اعلٰی ذریعے نے بتایا کہ یہ تجویز یورپی کمیشن کی اسی سال مئی میں پیش کردہ اس تجویز کے علاوہ ہے، جس کے تحت تارکین وطن کی بہت بڑی تعداد میں آمد کے باعث دباؤ کے شکار ملکوں سے چالیس ہزار مہاجرین کو یونین کے رکن مختلف ملکوں میں آباد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق یورپی کمیشن کے صدر اپنی یہ تجویز باقاعدہ طور پر نو ستمبر کے روز اپنے ’اسٹیٹ آف دا یونین‘ خطاب میں پیش کریں گے اور اس سے قبل یورپی کمیشن کی سطح پر اس کی تمام یورپی کمشنروں سے باقاعدہ تائید بھی حاصل کی جائے گی۔
یورپی ذرائع کے بقول چونکہ یونین کے بحیرہ روم کے کنارے واقع اٹلی اور یونان جیسے ملکوں اور مشرقی یورپ میں ہنگری جیسی ریاستوں کو تارکین وطن کی ہر روز ہزاروں کی تعداد میں آمد کے باعث قومی سطح پر شدید دباؤ کا سامنا ہے، اس لیے یُنکر یہ تجویز پیش کریں گے کہ ان ملکوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار مہاجرین کو یونین میں شامل دوسرے ملکوں میں آباد کاری کے لیے تقسیم کر دیا جائے۔
اے ایف پی نے مزید لکھا ہے کہ آج جمعرات کے روز اس بارے میں برسلز سے ملنے والی خبروں کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی اہم ہے کہ آج ہی یورپی یونین کے صدر ڈونالڈ ٹُسک نے بھی اس بلاک میں شامل ریاستوں سے یہ مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے ہاں کم از کم بھی ایک لاکھ ایسے مہاجرین کو قبول کرنا چاہیے جو یورپ پہنچ چکے ہیں۔
ساتھ ہی یہ بات بھی اہم ہے کہ ٹُسک کے اس مطالبے ہی کے روز آج فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں صدر فرانسوا اولانڈ اور چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اس بات پر اتفاق کر لیا کہ یونین کی رکن ریاستوں کے لیے اب ایسا کوٹہ سسٹم ضروری ہو گیا ہے، جس کے تحت یونین کے علاقے میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو رکن ریاستوں میں تقسیم کیا جا سکے اور طے ہو جانے کے بعد اس کوٹہ سسٹم پر عمل درآمد ہر رکن ملک کے لیے لازمی ہو۔