1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین سمٹ: لزبن ٹریٹی میں اصلاحات، معاہدے کا امکان

29 اکتوبر 2010

یورو کرنسی کی قدر میں عدم استحکام اور یونان کے معاشی بحران کے تناظر میں برسلز میں جاری یورپی یونین کے اجلاس میں اس بات کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے کہ لزبن ٹریٹی میں اصلاحات کا معاہدہ ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/PrRA
تصویر: AP

جمعہ اس دو روزہ اجلاس کا آخری دن ہے، جس میں یورپی یونین کے سربراہان کے اجلاس میں جس گرما گرمی کا خیال کیا جا رہا تھا، اس کی جگہ اب ایک مفاہمت کا امکان پیدا ہو گیا ہے جو مثبت قدم خیال کیا جا رہا ہے۔

EU Gipfel in Brüssel Belgien
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

لزبن ٹریٹی میں اصلاحات کا مطالبہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جانب سے پرزور انداز میں پیش کیا گیا تھا اور اس کو فرانس کی حمایت حاصل ہے۔ ابتداء میں جرمن مطالبے کو خاصی تنقید کا سامنا تھا لیکن اجلاس کے دوران دوسرے ملکوں نے بھی اصولی مطالبے کی حمایت کرنے میں عافیت سمجھی۔ یورپی یونین کے بجٹ پر برطانوی تجویز کو بھی اجلاس میں حمایت حاصل ہوئی۔

بعض سفارتکاروں کے نزدیک سن 1999 میں یورو زون کے قیام کے بعد پہلی بار اقتصادی اصلاحات پر ڈیل مکمل ہو چکی ہے۔ اس مناسبت سے اندازے سامنے آئے ہیں کہ اصلاحات کے مسودے پر رہنماؤں کی جانب سے دستخط جمعہ کو ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئےبھی اصلاحات کے مسودے کی نوک پلک درست کرنے میں مصروف ہیں۔ اس میں اعتراض کرنے والوں کی تسلی و تشفی کا عنصر شامل کیا جا سکتا ہے۔ اصلاحاتی مسودے میں بجٹ کو منظم کرنے کو بہت وقعت دی گئی ہے۔

ایسے اندازے بھی لگائے گئے ہیں کہ مستقبل میں کسی ملک کو پیش آنے والے اقتصادی بحران کے پیش نظر ایک خصوصی ہنگامی فنڈ بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔ اصل میں یونان کے مالیاتی بحران نے یونین کو کئی خطرات سے لاحق کردیا ہے۔ ابھی تک پرتگال، سپین اور آئرلینڈ کی اقتصادیات کو مسائل کا سامنا ہے۔

EU Gipfel in Brüssel Belgien
یورپی یونین کے رہنماتصویر: AP

جرمن حکومت کو اس خدشے کا بھی سامنا ہے کہ جرمن دستوری عدالت یورپی مالیاتی استحکامی فنڈ (European Financial Stability Fund) میں حکومت کی شمولیت کو روک سکتی ہے۔ میرکل کا یہ واضح طور پر کہنا تھا کہ ان کی حکومت اپنے ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقوم کو اس طرح سے پیش نہیں کر سکتی اور اس حوالے سے اور ملکوں کو بھی ذمہ داری قبول کرنا ضروری ہے، ساتھ ہی عدالتی عمل سے بچنے کے لئے لزبن ٹریٹی میں اصلاحات بہت ضروری ہیں۔ اس مناسبت سے یورپی یونین کے وزرائے خزانہ اپنے صدر کی مشورت کے ساتھ پہلے ہی کسی ڈیل کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔

یورپی یونین کی سمٹ میں کرنسی وار کے موضوع کو بھی اٹھایا گیا اور طے کیا گیا کہ سیول میں ہونے والی جی ٹوئنٹی کی سمٹ میں یونین کے احساسات سے شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ سن 1931 میں سامنے آنے والے پروٹیکشنزم کے اعادےسے گریز بہت اہم ہے۔ اس تمام پیش رفت کے باوجود لزبن ٹریٹی میں اصلاحات کو متعارف کرنے کی مخالفت کا عمل بھی بدستور جاری ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل