1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی گراں پری جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ نے جیت لی

شامل شمس19 جون 2016

جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ نے آذربائیجان میں منعقدہ فارمولا ون موٹر ریسنگ چیمپئن شپ جیت لی ہے۔ مرسیڈیز ٹیم ہی کی گاڑی چلاتے ہوئے روزبرگ نے اب لوئس ہیملٹن پر چوبیس پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1J9br
تصویر: Reuters/M. Shemetov

ہیملٹن کا تعلق انگلینڈ سے ہے اور وہ تین مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں، تاہم اتوار کے روز ان کو گاڑی تکنیکی خرابیوں کا شکار رہی، جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ فارمولا ون کی یورپی گراں پری کہلانے والی اس ریس میں ہیملٹن پانچویں نمبر پر رہے۔ فیراری ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہے، جب کہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے سیرگیو پیریز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اتوار انیس جون کے روز نیکو روزبرگ نے پول پوزیشن سے سبقت لیتے ہوئے باکو کے اسٹریٹ سرکٹ پر فتح کے جھنڈے کو عبور کیا۔ اُس وقت وہ فیٹل سے سولہ اعشاریہ سات سیکنڈز کی برتری پر تھے۔

فاتح روزبرگ پچھلی تین ریسوں میں وکٹری اسٹینڈ تک نہیں پہنچ سکے تھے، یعنی وہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے حالاں کہ انہوں نے رواں سیزن کا آغاز انتہائی عمدہ طریقے سے کرتے ہوئے ابتدائی چار گراں پری مقابلے جیتے تھے۔

باکو میں فتح اس جرمن ڈرائیور کے کیریئر کی انیسویں فتح تھی۔

جیت کے بعد روزبرگ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’یہ ایک انتہائی شان دار دن تھا، اور یہ ہفتہ بھی بہترین رہا۔ یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔‘‘

ہیملٹن نے گزشتہ دو گراں پری مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ موناکو اور مونٹریال گراں پری کے فاتح رہے تھے، تاہم اتوار کے روز باکو میں ان کی پول پوزیشن دسویں تھی، جس کی وجہ ان کی ہفتے کے روز کوالیفائنگ میں انتہائی خراب کارکردگی رہی تھی۔

عالمی چیمپئن ہیملٹن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ آئندہ ریسوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

سابق عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل اس سیزن میں اب تک کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔ چینی گراں پری میں وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

گزشتہ ماہ ہسپانوی گراں پری میں نوجوان ڈچ ڈرائیور میکس فرسٹاپن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ فارمولا ون کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر ڈرائیور بن گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید