1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی پارلیمان کے انتخابات کے لئے پولنگ جاری

7 جون 2009

یورپی یونین میں شامل تمام ریاستوں میں یورپی پارلیمان کے لئے ہونے والے انتخابات آج اتوار کو اپنے اختتام کو پہنچ رہے ہیں۔ آخری مرحلے کے پولنگ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/I4wX
یورپی پارلیمان کے انتخابات کا آخری مرحلہ آج اختتام ہپزیر ہو رہا ہےتصویر: picture-alliance / DW-Montage

انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے میں یورپی یونین میں شامل ستائیس میں سے انیس ممالک میں رائے شماری ہورہی ہے۔ آٹھ ریاستوں میں پہلے ہی پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔

خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ انتخابی نتائج عالمی مالیاتی بحران کے حوالے سے یورپی حکومتوں کے اقدامات پر عوامی عدم اطمینان کے عکاس ہو سکتے ہیں۔

حالانکہ امید کی جارہی ہے کہ پارلیمان میں اعتدال پسندوں کی برتری برقرار رہے گی تاہم ٹرن آؤٹ کم ہوا تو دائیں بازوکی جماعتیں بھی اپنی نشستوں میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ سابقہ پارلیمان کی 736 نشستوں میں اعتدال پسندوں کی برتری تھی۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان اتوار کی رات کر دیا جائے گا۔

BdT Europawahl 2009 Steinmeier Berlin
جرمن وزیر خارجہ اشٹائن مائر یورپی پارلیمان کے انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئےتصویر: AP

اس سے قبل خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ہالینڈ میں دائیں بازو کی جماعت اکثریت حاصل کر سکتی ہے۔ یورپی کونسل کے خارجہ امور سے وابستہ تھوماس کلاؤ کے مطابق یورپی یونین میں شامل ممالک کی قومی حکومتوں نے ایک خیال پیدا کر دیا ہے کہ یورپ ایک غیر ضروری چیز ہے اور وہ عالمی مالیاتی بحران کے حوالے سے ایک واضح ، بھرپور اور متحد پیغام دینے میں ناکام دکھائی دیئے ہیں۔

انتخابات سے قبل ہوئے عوامی جائزوں میں یہ بات سامنے آئی کہ یورپ کی 375 ملین آبادی میں سے آدھی سے بھی کم تعداد میں لوگ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے پر آمادہ دکھائی دیئے۔ کئی افراد کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے حوالے سے یورپی یونین نے بہت کم اور بہت ہی تاخیر سے اقدامات کئے ہیں حالانکہ کہ بعد میں وہ ایک ہنگامی منصوبہ بندی پر رضامند ہو گئے جس سے گرتی ہوئی معیشتوں کو سہارا دیا جا سکتا ہے۔

کئی افراد کا یہ بھی خیال تھا کہ یورپی پارلیمان بہت دور ہے اور ان کی روزمرہ کی زندگی میں اس کا دائرہ اثر بہت کم ہے۔ کئی افراد کو یہ تک معلوم نہیں تھا کہ مقامی پارلیمان، یورپی پارلیمان کے مابین اقتدار کے توازن کا نظام کیا ہے۔

زیادہ تر ووٹروں نے مقامی مسائل کے حوالے سے یورپی پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا اظہار کیا جو ازخود مقامی حکومتوں کے لئے ایک بری خبر کے مترادف ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ