1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن میں شہری ہلاکتوں پر عالمی اداروں کی تشویش

18 ستمبر 2009

حقوق انسانی کی عالمی تنظیم 'ہیومن رائٹس واچ' اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے یمن میں ایک فضائی حملے کے دوران 80 سے زائد شہریوں کی مبینہ ہلاکت پر تشویش ظاہر کی ہے۔

https://p.dw.com/p/JjFl
تصویر: AP

نیویارک میں قائم ہیومن رائٹس واچ نے صنعا حکام پر زور دیا ہے کہ شہریوں کے خلاف کسی بھی حملے کی باقاعدہ اور منصفانہ تحقیقات کی جائیں۔ اس تنظیم نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں۔ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے بھی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔

Human Rights Watch Logo
ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ

عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ یمن کے شمالی علاقے میں جمعرات کو پناہ گزینوں کے ایک عارضی کیمپ پر فضائی حملے کے دوران بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین سمیت 87 شہری ہلاک ہو ئے۔ یہ حملہ صوبہ امران میں ادی کے شورش زدہ علاقے میں ہوا، جہاں فوج باغیوں کے خلاف آپریشن 'اسکارچ ارتھ' میں مصروف ہے۔ یہ آپریشن 11 اگست سے جاری ہے۔

یمنی حکام نے حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ خبررساں ادارے 'اے ایف پی' نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ جیٹ طیاروں نے ہوتھی باغیوں کو نشانہ بنایا، جو پناہ گزینوں کے ہجوم میں چھپ کر فائرنگ کر رہے تھے۔

دوسری جانب باغیوں نے ایک بیان میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے صنعا حکومت پر قتل عام کا الزام عائد کیا ہے۔ شیعہ اپوزیشن جماعت الحق نے بھی ان حملوں کو قتل عام قرار دیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اس حملے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باغی شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

باغی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام ایک خط میں غیرمشروط فائربندی کی پیش کش بھی کر چکے ہیں۔ تاہم یمنی حکام کا کہنا ہے کہ باغی فائربندی کی پہلے سے موجود حکومتی پیش کش میں درج چھ شرائط پر عمل کریں، جن میں ان سے مکمل طور پر غیرمسلح ہونے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔

Jemenische Soldaten nach einem Anschlag
یمن میں باغیوں کے خلاف آپریشن جاری ہےتصویر: AP

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 2004ء سے جاری لڑائی کے نتیجے میں صعدہ اور اس کے نواحی علاقوں سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ لڑائی کے تازہ مرحلے میں پچپن ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ یمنی شہر صعدہ میں انسانی صورت حال انتہائی ڈرامائی رُخ اختیار کر چکی ہے، جو حالیہ آپریشن کے دوران دیگر علاقوں سے کٹ چکا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ صعدہ میں پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں جبکہ خوراک کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ باغی زیدی شیعہ امامت بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو 1962ء میں فوج کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کے دوران ختم کر دی گئی تھی۔ بعدازاں ملک میں آٹھ برس تک خانہ جنگی جاری رہی تھی۔

زیدی ایک شیعہ گروپ ہے، جو سنی اکثریت والی مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں ایک اقلیت ہے۔ تاہم ملک کے شمالی علاقوں میں یہ کمیونٹی اکثریت میں ہے۔ زیدی باغیوں کو ہوتھیز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ فوج نے ان کے رہنما حسین بدرالدین الہوتھی کو ستمبر 2004ء میں ہلاک کر دیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں