1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یزیدی لڑکی کی کہانی پر مبنی فلم بہترین قرار

صائمہ حیدر
15 دسمبر 2016

دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایک کرد عراقی فلم کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک یزیدی لڑکی کی مشکلات کے گرد گھومتی ہے جسے اسلامک اسٹیٹ نے یرغمال بنا لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2ULi5
Film Rebeka The Dark Wind
کرد فلم ڈائریکٹر حسین حسن نے پیرو اور اُس کی منگیتر ریکو کی کہانی بیان کی ہےتصویر: DIFF

'دی ڈارک وِنڈ‘ کے نام سے بنائی جانے والی اس فلم میں کرد فلم ڈائریکٹر حسین حسن نے پیرو اور اُس کی منگیتر ریکو کی کہانی بیان کی ہے۔ یہ نوجوان جوڑا اپنی شادی کی تیاری میں مصروف ہوتا ہے کہ اچانک عسکریت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے جنگجو اُن کے گاؤں پر حملہ کر دیتے ہیں۔

داعش کے شدت پسند افراد پیرو سمیت گاؤں سے یزیدی لڑکیوں کو اغوا کر لیتے ہیں لیکن ریکو جو ایک امریکن آئل کمپنی میں بطور سکیورٹی گارڈ کام کرتا ہے، داعش کے جنگجوؤں کے حملے میں بچ نکلتا ہے۔ پریشان حال ریکو اپنی منگیتر اور اپنے خاندان کی تلاش میں نکلتا ہے۔

خیال رہے کہ اگست سن 2014 میں اسلامک اسٹیٹ نے عراق کے علاقے سنجار پر قبضے کے بعد ہزاروں یزیدی مردوں کا قتلِ عام کیا اور ہزارہا یزیدی خواتین کو اغوا کرکے جنسی غلام بنا لیا تھا۔

Film Rebeka The Dark Wind
دبئی فلم فیسٹیول عرب دنیا میں فلموں کے لیے ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم بن گیا ہےتصویر: DIFF

 بانوے منٹ کی یہ فیچر فلم عراق، جرمنی اور قطر کی مشترکہ پروڈکشن تھی۔ فلم کا پریمیئر امارات کی سالانہ سینما تقریب میں پیش کیا گیا۔ ’ دی بلیک وِنڈ‘ کے مقابلے میں سترہ فلمیں تھیں۔

ابو ظہبی میں ہونے والے فلم فیسٹیول کے دو سال قبل اختتام کے بعد سے دبئی فلم فیسٹیول عرب دنیا میں فلموں کے لیے ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم بن گیا ہے۔