1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیٹی کے تارکین وطن کی کشنی کو کیوبا کے قریب حادثہ

25 دسمبر 2011

کیوبا کے صوبے گوآنتانامو کے سمندری علاقے میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈُوب گئی ہے، جس کے نتیجے میں اڑتیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان لوگوں کا تعلق ہیٹی سے بتایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Z5l
تصویر: John Edwards

کیوبا کے ٹیلی وژن کے شہری دفاع کی فورسز کو Punta Maisi کے ساحل کے ایک سو میٹر اندر ڈوبتی ہوئی کشتی دکھائی دی، جس کے بعد سات خواتین سمیت ستاسی افراد کو بچا لیا گیا۔

کیوبا کی حکومت کے مطابق کشتی میں سوار افراد اپنے ملک سے نکلنے کی کوشش میں تھے۔ مرنے والوں میں اکیس مرد اور سترہ خواتین ہیں۔

ڈُوب جانے والے مزید افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کیوبا کے حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ اور ریڈ کراس کے اہلکار علاقے میں تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ تاہم اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ہیٹی کی ناقص اور گنجائش سے زائد مسافروں سے لدی کشتیاں اکثر کیریبیئن کے پانیوں میں پھنس جاتی ہیں۔

ایسا ہی ایک حادثہ جولائی 2009ء میں پیش آیا تھا، جب Caicos اور Turks جزائر کے درمیان ایک کشتی ڈوب گئی تھی۔ اس پر بھی ہیٹی کے درجنوں تارکین وطن سوار تھے۔ ان میں سے اٹھارہ افراد کو امریکی کوسٹ گارڈ نے بچا لیا تھا جبکہ پندرہ افراد کی لاشیں ملیں تھیں اور ستّر لاپتہ ہی رہے۔

Überschwemmung in Havana Kuba Karibik
کیوبا کا سمندر اکثر شوریدسر رہتا ہےتصویر: AP

کیوبا کے امیگریشن قواعد و ضوابط کے مطابق ہیٹی کے غیر قانونی تارکین وطن کو ملکی ساحلوں پر پہنچنے کے بعد واپس ہیٹی بھیجنے سے پہلے کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

ہیٹی میں جنوری 2010ء میں سات اعشاریہ صفر شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا اور ابھی تک اس کے اثرات باقی ہیں۔ اس زلزلے نے دارالحکومت میں تباہی مچائی تھی جبکہ مجموعی طور پر سوا دو لاکھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ملک بھر میں ہر سات میں سے ایک فرد بے گھر ہو گیا تھا۔

بعدازاں ہیفے کی وبا پھوٹنے سے حالات مزید بدتر ہو گئے۔ اس مرض نے بھی پانچ ہزار سے زائد افراد کی جان لی۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں