1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیملٹن ٹیسٹ میں بھارت کی شاندار جیت

خبر رساں ادارے21 مارچ 2009

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اپنی زبردست فارم کی بدولت جیت کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے ہیملٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے فتح حاصل کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/HGfn
مناف پٹیل نے نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری کو آوٴٹ کیا اور ان کے ساتھی کھلاڑی انہیں مبارک باد دے رہے ہیںتصویر: AP

میچ میں سنچری بنانے والے سچن تندولکر کو ان کی شاندار بیٹنگ کے لئے ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز پر آوٴٹ ہوگئی اور اس طرح بھارت کو میچ جیتنے کے لئے محض 39 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے پورا کردیا۔ اوپنر گوتم گمبھیر نے 30 اور راہل ڈراوڈ نے 8 رنز بنائے۔

Cricket Test Series zwischen Indien und Neuseeland 2
ویٹوری نے اعتراف کیا کہ بھارت نے کھیل کے تمام شعبوں میں نیوزی لینڈ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن میکیولم نے 84 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے ہربھجن سنگھ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری نے اعتراف کیا کہ یملٹن ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے شروع سے آخر تک کھیل کے تمام شعبوں میں ان کی ٹیم کو پیچھے چھوڑدیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ’’بھارت نے ہمیں دکھایا کہ کھیل کے تینوں شعبوں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیسٹ میچ کیسے جیتا جاتا ہے۔‘‘

Cricket Test Match zwischen Indien und Australien
مہیندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں چھائی ہوئی ہےتصویر: AP

بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے اپنی ٹیم کی فتح کو شاندار اور خاص قرار دیا۔ ’’یہ اچھی ٹیم ایفرٹ تھی۔ حقیقت میں سچن تندولکر اور ہربھجن سنگھ نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘

Sachin Tendulkar beim Test-Cricket in Mohali Indien
سچن تندولکر نے ہیملٹن ٹیسٹ میں سنچری بنائی اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیاتصویر: AP

بھارتی کرکٹ ٹیم نے مایہء ناز بیٹسمین سچن تندولکر کی شاندار سنچری کی بدولت میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی۔ تندولکر نے 160 رنز بنائے اور ٹیسٹ میچوں میں یہ ان کی بیالیسویں سنچری تھی۔

بھارت نے نیوزی لینڈ کے 279 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 520 رنز اسکور کئے تھے۔ بھارت کی طرف سے سچن تندولکر نے 160، گوتم گمبھیر نے 72، راہل ڈراوڈ نے 66، ظہیر خان نے 51، اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 47 رنز بنائے تھے۔

Cricket Kricket Harbhajan Singh Indien Australien
آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے دوسری اننگز میں چھہ وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

اس ٹیسٹ میچ میں بھارت نے بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی نیوزی لینڈ کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بھارت کی طرف سے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائی گئیں اور بولنگ میں تینوں میڈیم فاسٹ بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پہلی اننگز میں ایشانت شرما نے چار، اور ظہیر خان اور مناف پٹیل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں ہربھجن سنگھ نے چھہ اور مناف پٹیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔