ہنگری کے خلاف جرمنی کی تین گول سے فتح
30 مئی 2010ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ میں ہونے والے اس میچ کے چوتھے منٹ میں جرمن کھلاڑی پوڈولسکی نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کھیل کے 69 ویں اور73 ویں منٹ میں گومیس اور کاکا ؤ نے ایک ایک گول کر کے اس برتری کو ناقابل تسخیر کر دیا۔
ہنگری کے گول کیپر کے شاندار کھیل کے باعث یہ جیت تین گولوں تک ہی محدود رہی ورنہ گولوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ہنگری کے گول کیپر Gabor Kiraly نے متعدد یقینی گول بچائے۔ کھیل میں جرمن ٹیم کے سترہ رکنی دستے کی طرف سےکھیل کے دوران متعدد تبدیلیاں بھی کی گئیں۔
کھیل کے پہلے ہاف میں اوسِل کی جگہ کاکاؤ کو میدان میں بھیجا گیا جبکہ دوسرے ہاف میں گومیس، کارکو مارین اور مارسیل جینسن کو میدان میں بھیجا گیا۔ جرمن کلب بائرن میونخ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی ہولگرباڈشٹوبیر کو کھیل کے آخری بیس منٹوں کے لئے جرمنی کی نمائندگی کا موقع ملا۔
جرمن ٹیم کے اہم کھلاڑی میشاعیل بالاک کے زخمی ہونے کے سبب عالمی کپ نہ کھیل سکنے کی وجہ سے جرمن ٹیم یقینی طور پر ایک اہم کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے تاہم اس کھیل میں جرمن کھلاڑی انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے دکھائی دئے۔ جرمن کوچ یواخم لوئیو نے جرمن ٹیم کے کھیل کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر/ خبررساں ادارے
ادارت : شادی خان سیف