1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرستوں کے درمیان شادی قبول نہیں، پاپائے روم

25 ستمبر 2011

پاپائے روم نے کہا ہے کہ کیتھولک کلیسا ہم جنس پرستوں کے درمیان شادی قبول نہیں کر سکتا۔ انہوں نے یہ بات اپنے آبائی وطن جرمنی کے دورے کے موقع پر فرائی برگ میں عقیدت مندوں سے خطاب میں کہی۔

https://p.dw.com/p/12fzr
تصویر: dapd

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈیکٹ شانزدہم جرمنی کے سرکاری دورے کے تیسرے روز فرائی برگ پہنچے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ وہاں تیس ہزار سے زائد افراد نے پوپ کا پرتپاک استقبال کیا، جو برلن اور ایرفُرٹ کے مقابلے کہیں زیادہ زوردار تھا۔

اس موقع پر پاپائے روم نے واضح کیا کہ کیتھولک چرچ ہم جنس پرستوں کے درمیان شادیوں کو قبول نہیں کرسکتا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ دیں اور اس ’ٹھنڈے‘ ایمان کو ختم کریں، جو ان کے کلیسا کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیروکاروں کی ایمان سے کمزور وابستگی نے چرچ کو اس کے دشمنوں سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

Papstbesuch in Deutschland 2011 Freiburg im Breisgau
پاپائے روم نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھتصویر: dapd

پاپائے روم نے کہا: ’’جس دنیا میں ہم زندگی گزار رہے ہیں، وہ تکنیکی ترقی کے باوجود بہتر ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ آج بھی جنگیں ہیں، دہشت، بھوک، بیماری، غربت جیسی تلخ حقیقت اور بے رحمانہ مظالم کا دور دورہ ہے۔‘‘

قبل ازیں پوپ بینیڈکٹ نے آرتھوڈوکس مسیحی رہنماؤں سے ملاقات میں اسقاطِ حمل اور ہم جنس پرستوں کے درمیان شادیوں کو رد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا: ’’بحیثیت مسیحی ہم انضمام کے تحفظ اور ایک مرد اور ایک عورت کے درمیان شادی کی انفرادیت کو کسی بھی طرح کی غلط تشریح کے مقابلے میں بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔‘‘

فرائی برگ جرمنی کا جنوبی شہر ہے، جہاں کیتھولک مسیحی اکثریت میں ہیں۔ پاپائے روم جرمنی کے پہلے سرکاری دورے پر جمعرات کو برلن پہنچے۔ انہوں نے جرمن پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا۔ یوں وہ جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے پہلے پوپ ہیں۔

پاپائے روم نے برلن میں یہودی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جبکہ جرمنی کی سیاسی قیادت کے ساتھ نشستوں کے علاوہ اولمپک اسٹیڈیم میں عبادت کی قیادت بھی کی، جس میں شریک افراد کی تعداد تقریباﹰ ستّر ہزار تھی۔

Papst in Erfurt
جرمنی کے لیے پاپائے روم کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہےتصویر: dapd

اپنے دورے کے دوسرے روز پاپائے روم ایرفُرٹ پہنچے، جہاں انہوں نے مارٹن لوتھر کی خانقاہ کا دورہ بھی کیا جبکہ عبادت کی قیادت کے علاوہ پریسٹس کی جانب سے زیادتیوں کا نشانہ بننے والے افراد سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان زیادتیوں کے شکار افراد کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور کلیسا مستقبل میں ایسی زیادتیوں کی روک تھام کو یقینی بنائے گا۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں