1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن کے تین روزہ دورہ پاکستان کا آغاز

28 اکتوبر 2009

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن تین روزہ دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ اپنے دورے کے آغاز پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے آپریشن کو سراہا ہے۔

https://p.dw.com/p/KHEg
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ جنوبی وزیرستان، جو شدت پسندوں کا گڑھ ہے، وہاں آپریشن پر پاکستانی فوج اور حکومت تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں تین دن تک قیام کریں گی اور اس دوران صورت حال سے آگاہی حاصل کریں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ باہمی تعلقات کے ایک نئے دَور میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد حکومت کے ساتھ متعدد غیرعسکری معاہدوں کا عندیہ بھی دیا۔

Pakistan Armee rückt erneut gegen Taliban vor 17.Oktober 2009
ہلیری کلنٹن نے جنوبی وزیرستان آپریشن کو سراہاتصویر: AP

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ان کےدورہ پاکستان کا مقصد اسلام آباد کے لئے اوباما انتظامیہ کی حمایت کا پیغام پہنچانا ہے۔ ساتھ ہی وہ مختلف امُور پر واشنگٹن کے تعاون پر بات چیت کریں گی، جن میں افغانستان جنگ بھی شامل ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہلیری کلنٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وہ باراک اوباما کے دَور صدارت میں اسلام آباد پہنچنے والی واشنگٹن انتظامیہ کی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں۔ اس دوران وہ اسلام آباد اور لاہور میں ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔

پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ پاکستان پہنچنے سے قبل ہلیری کلنٹن نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے بعد سے امریکہ پاکستانی فوج کے لئے تیزتر معاونت فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کے ایک انگریزی اخبار کے ساتھ انٹرویو میں کہی۔ امریکی وزیر خارجہ پاکستان کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں