1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن کے بیان پر شمالی کوریا کا سخت ردعمل

24 جولائی 2009

شمالی کوریا نے اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں ہلیری کلنٹن کے سخت بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کلنٹن کے لئے "غیر منطقی" اور "غیر دانشمند" جیسے الفاظ استعمال کئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IwLN
تصویر: AP

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے مطالبے کے باوجود آسیان نے میانمار کی رکنیت ختم کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

شمالی کوریا کے خبر رساں ادارے KCNA کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے بیانات کی روشنی میں اُنہیں "کسی طور بھی دانشمند نہیں کہا جا سکتا ہے"۔

کل بدھ کو تھائی لینڈ میں مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سمٹ کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شمالی کوریا کو جوہری پروگرام ترک کر دینے کی تلقین کی تھی۔ شمالی کوریا نے 25 مئی کو نئے ایٹمی تجربات کئے تھے۔کلنٹن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ "شمالی کوریا تنہا کھڑا ہے اور اب اسےجوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی برادری کے مطالبات ہر صورت میں ماننا ہوں گے، کوئی اُس کی مدد کو نہیں آئے گا"۔

USA Vorwahlen Demokraten Hillary Clinton
ہلیری کلنٹن نے آسیان تنظیم سے میانمار کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے رد کردیا گیاتصویر: AP

امریکی وزیر خارجہ کے دورہء ایشیا کے دوران اس رویہ پر تبصرہ کرتے ہوئے شمالی کوریا کے وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ "کلنٹن ایک غیر منطقی بچے کا سا برتاؤ کر رہی ہیں"۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ "کبھی تو وہ اسکول کی بچی معلوم ہوتی ہیں اور کبھی ایک ایسے پینشنر کی طرح، جو خریداری کرنے نکلا ہو"۔

Abhisit Vejjajiva Regierungschef Thailand
آسیان کے صدر اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیسیت وجے دیوا کے مطابق میانمار کی رکنیت ختم کرنا دانشمندانہ اقدام نہیں ہوگاتصویر: AP

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے گذشتہ روز آسیان ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ فوجی حکومت کے ہاتھوں نوبل انعام یافتہ خاتون سیاستدان آنگ سان سُوچی کی گرفتاری کی وجہ سے میانمار کی رکنیت ختم کر دے۔ تاہم آسیان کے صدر اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیسیت وجےجیوا نے کلنٹن کا یہ مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ تھائی وزیر اعظم نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ "گو مغربی ممالک اور آسیان ایک مشترکہ مقصد رکھتے ہیں مگر اس کے لئے ضروری نہیں کہ حکمت عملی بھی ایک ہی رکھی جائے"۔

وجے جیوا کا کہنا ہے کہ میانمار کی رکنیت ختم کرنے کے لئےیہ وجہ کافی نہیں ہے اور اگر ایسا کیا جاتا ہے تو یہ عمل میانمار کو مزید تنہا کر دے گا اور اس سے مسئلے کا حل ممکن نہیں ہے۔

1997ء میں آسیان کا رکن بننے والا میانمار، حال ہی میں خاتون سیاستدان آنگ سان سُوچی کی گرفتاری کے باعث پوری دنیا کی تنقید کا نشانہ بنا ہوا ہے۔

رپورٹ: مِیرا جمال

ادارت: امجد علی