1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلمند میں طالبان کے خلاف امریکی کارروائیاں

رپورٹ: امجد علی ۔ ادارت، عابد حسین5 جولائی 2009

افغانستان میں انتہاپسند طالبان مزاحمت کار کسی نہ کسی صوبے میں اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اِن مزاحمت کاروں کو البتہ ہلمند میں امریکی کمانڈورز کے ایک بڑے آپریشن کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/IhIQ
ہلمند میں جاری امریکی میرینز کے آپریشن میں شریک کمانڈوز پوزیشنیں سنبھالے ہوئے۔تصویر: AP

افغانستان کے جنوب میں طالبان کے خلاف ایک بڑا امریکی آپریشن شروع ہونے کے دو روز بعد کل طالبان نے جنوب مشرقی صوبے پکتیکا میں امریکی دَستوں کی ایک بیرونی چوکی کو حملے کا نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں نے پہلے بارود سے بھرے ایک آئل ٹینکر کو دھماکے سے اڑایا اور پھر مارٹر گولوں، راکٹوں اور مشین گنوں سے اِس اڈے پر دھاوا بول دیا۔

بین الاقوامی محافظ دَستے ISAF کے مطابق اُس کے اور افغان فوج کے سپاہیوں نے جوابی فائرنگ بھی کی اور فضائی مدد بھی طلب کر لی۔ اِس جھڑپ میں دو امریکی فوجی جبکہ دَس باغی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک حملہ آور کو قیدی بنا لیا گیا۔ اُدھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اِس امریکی اڈے کے سامنے جس ٹرک کو دھماکے سے اڑایا گیا، اُس میں آٹھ ٹن بارودی مواد لدا ہوا تھا۔ مزید یہ کہ اِس حملے میں ایک سو طالبان جنگجوؤں نے حصہ لیا۔ طالبان ترجمان کے مطابق چار گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں کئی امریکی فوجی مارے گئے جبکہ سات باغی ہلاک ہوئے۔ اِن اعدادوشمار کی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

Karte Afghanistan mit Provinz Helmand
افغان صوبے ہلمند کا جغرافیائی محلِ وقوعتصویر: DW

کچھ خبر رساں ادارے اِس جھڑپ میں مرنے والے باغیوں کی تعداد تیس تک بتا رہے ہیں۔ پکتیکا صوبے میں ہی امریکی دستوں کی طرف سے چارٹر کئے گئے ایک ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور اُس میں سوار افراد کو ایک اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے وہاں سے لے جایا جانا پڑا۔ جہاں امریکی فوج نے اِس ہنگامی لینڈنگ کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی ہے، وہاں طالبان کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔

پکتیکا ہی میں گذشتہ منگل کو طالبان نے ایک امریکی فوجی کو اغوا کر لیا تھا، جس کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Bundeswehr in Afghanistan Von der ISAF zur NATO
افغانستان میں تعینات نیٹو کی آئی سیف فوج کا نشانتصویر: picture-alliance / dpa

اِسی دوران جنوبی افغان صوبے ہیلمند میں امریکی اور افغان دستوں کا جمعرات کے روز شروع ہونے والا آپریشن بدستور جاری ہے۔ اِس آپریشن میں ISAF کے پرچم تلے لڑنے والے برطانوی فوجی بھی مدد دے رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق غیر ملکی اور افغان دَستوں نے ناوہ اور خاناشین نامی اضلاع سے طالبان کا مکمل صفایا کر دیا ہے اور اب دیگر اضلاع میں بھی ایسی ہی کارروائی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

’’آپریشن خنجر‘‘ نامی اِس کارروائی کا مقصد بیس اگست کو مجوزہ صدارتی انتخابات کے پُر امن انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم اتحادی اَفواج کی کامیابیوں کے باوجود جنوبی افغانستان میں بھی طالبان سرگرمِ عمل ہیں اور کل ہفتے کے روز قندھار اور ہیلمند میں طالبان کی طرف سے نصب کئے گئے دو بم پھٹنے سے سات افغان پولیس ا ہلکار اور دو افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔