1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہسپانوی آمرفرانکو کے دور پر بنائی گئی ویڈیوفلم ریلیز

15 جون 2010

ہسپانیہ کے بہترین پندرہ اداکاروں نے فرانکو دور حکومت میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں بنائی جانے والی ایک ویڈیوفلم میں کردار نگاری کی ہے۔ تاریخ اہمیت کی حامل یہ ویڈیو پیر کو عام شائقین کے لئے پیش کی گئی۔

https://p.dw.com/p/Nqn3
خاویئر باردیم: ایک فلمی سین میں: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

ہسپانیہ کے دارالحکومت میڈرڈ میں پیر کو ہدایت کار Azucena Rodriguez کی ویڈیو فلم کو دیکھنے والوں میں سابقہ فوجی اور آمرانہ دور میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔ فرانکو دور میں پندرہ مرنے والوں پر بنائی جانے والی فلم میں سپین کے مشہور اداکاروں نے مرنے والوں کے کردار ادا کئے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ ایک دستاویزی فلم ہے جسے شائقین نے شاندار قرار دیا ہے۔

فلم میں کام کرنے والوں میں عالمی شہرت کے حامل ہدایت کار پیڈرو الموڈووار بھی شامل ہیں۔ اس ویڈیو فلم میں سن 1936 تا 1939 کی خانہ جنگی میں پندرہ ہلاک شدگان کے تجربات کو سمویا گیا ہے کہ وہ کس طرح موت کا نوالہ بنائے گئے تھے۔ اس فلم میں سپین کے آمر جنرل فرانسیسکو فرانکو کی آمرانہ دور حکومت کے دور کا جبر پیش کرنے کی ایک کوشش کی گئی ہے۔

ہدایتکار پیڈرو الموڈووار بھی ان پندرہ اداکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے اس ویڈیو میں مرنے والے کے کردار کو ادا کیا ہے۔ بقیہ اداکاروں میں خاص طور پر خاویئر باردیم بھی شامل ہیں۔ اکتالیس سالہ باردیم عالمی شہرت کے فنکار ہیں۔ ان کو بین الاقوامی سطح پر تقریباً ہر ایوارڈ مل چکا ہے۔ باردیم عظیم مصنف گبریل گارسیا مارکیز کے ناول’لو ان دی ٹائم آف کالرا‘ پر بننے والی فلم میں عمدہ معاون اداکاری پر اکیڈیمی ایوارڈ یا آسکر بھی حاصل کر چکے ہیں۔

80. Oscar-Verleihung Daniel Day-Lewis, Tilda Swinton, Marion Cotillard, Javier Bardem
اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد خاویئر باردیم: انتہائی دائیں جانب، فائل فوٹوتصویر: AP

اس ویڈیو میں تمام پندرہ مرنے والوں کے کرداروں کو ادا کرنے والوں نے اس دور کے جبر کو بیان کیا ہے کہ کس طرح عام انسان حکومتی کارندوں کی وحشیانہ اذیت رسانی کا نشانہ بنائے گئے تھے۔ بنیادی طور پر یہ فلم آمرانہ دور میں ایک لاکھ سے زائد ہلاک شدگان کو پیش کیا جانے والا خراج عقیدت ہے۔ اس فلم میں کام کرنے والے تمام اداکار، لکھنے والے، موسیقار اور دوسرے کارکن ایک تنظیم "Culture Against Impunity" کے کارکن ہیں اور یہ ویڈیو فلم بھی اسی تنظیم کے ایما پر تیار اور پیش کی گئی ہے۔

General Francisco Franco
ہسپانوی ڈکٹیٹر فرانکو: فائل فوٹوتصویر: AP

"Culture Against Impunity" نامی یہ تنظیم معطل شدہ ہسپانوی جج گارزون کے حق میں سرگرم ہے۔ یہ تنظیم ہسپانوی جج کے خلاف قائم مقدمے کو ختم کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

گارزون کو سپین کی سپریم کورٹ نے اسی سال اپریل میں فرانکو دور میں لاپتہ ہو جانے والے افراد کے حوالے سے انکوائری شروع کرنے کا حق صادر کرنے کے بعد معطل کردیا تھا۔ یہ حکم انہوں نے سن 2008 میں دیا تھا لیکن موجودہ سوشلسٹ حکومت نے ایک مسودہٴ قانون کو منظور کر کے فرانکو دور کے جبر کو عام معافی کے زمرے میں شامل کر دیا تھا۔ اب گارزون کے خلاف حکومت کی ایما پر مقدمے کا اگلے ہفتوں میں آغاز ہو سکتا ہے۔ قانون شکنی پر وہ جیل بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ