1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہربھجن سنگھ ٹیم سے باہر

16 جنوری 2008

آسٹریلیا میں جاری ،آسٹریلیا بمقابلہ بھارت تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہربھجن سنگھ کو گیارہ رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/DYMQ

اگرچہ آسٹریلیوی کھلاڑی اینڈیو سائمنڈز پرمبینہ نسل پرست جملے کسنے پر ہربھجن سنگھ کے خلاف ابھی سماعت ہونی ہے اور اس دوران وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم نے پرتھ کی تیز وکٹ کو دیکھتے ہوئے فاسٹ باﺅلر عرفان پٹھان کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔

بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ کے خلاف ضابطے کی کاروائی آخری دونوں ٹیسٹ میچوں کے بعد یعنی 29اور 30جنوری کو ہو گی ، اس لئے وہ ان میچوں میں حصہ لے سکتے تھے۔ دوسری طرف دھواں دار بلے بازی کرنے والے بھارتی سلامی بلے باز ویریندر سہواگ کو یو راج سنگھ کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیاگیاہے ۔ سہواگ تقریباً ایک سال سے ٹیسٹ کرکٹ سے باہر ہیں تاہم ان کے سابقہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے انہیں ایک اور موقع دیا گیا ہے۔

آسٹریلیاکرکٹ ٹیم نے بھی زخمی کھلاڑی میتھیو ہیڈن کی جگہ کرس راجرز کو ٹیسٹ کیپ دے دی ہے۔ پرتھ کی تیز وکٹ کے پیش نظر آسٹریلیا نے بھی فاسٹ باولر شون ٹیٹ کو سپنر بریڈ ہوگ کی جگہ منتخب کیا ہے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 297رنز بنائے اور اس کے 6کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ بھارت کی پہلی اینگز میں راہول دراوڈ کے 93اور سچن ٹنڈولکر کے 71رنز شامل ہیں۔ جبکہ مہیندر سنگھ دھونی اور عرفان پٹھان آٹھ آٹھ رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ باولر بریٹ لی نے تین جبکہ جانسن نے دو کھلاڑی آوٹ کئے۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔