1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی چیمپیئنز چیلنج ٹورنامنٹ: پاکستان فائنل میں

13 دسمبر 2009

اگلے سال جرمنی میں کھیلی جانے والی ہاکی کی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے جاری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اتوار کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/L1Bh
پاکستان کے پنلٹی کارنر کے ماہر سہیل عباستصویر: AP

ارجنٹائن کے شہر سالٹا میں جاری چیمپیئنز چیلنج ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے مکمل ہونے کے بعد فائنل کے لئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کوالیفائی کر گئی ہیں۔ جو بھی ٹیم یہ فائنل میچ جیتے گی وہ اگلے سال جرمن شہر مونشن گلاڈ باخ میں کھیلی جانے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔

پہلا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور میزبان ارجنٹائن کے درمیان کھیلا گیا۔ تیز دھوپ کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میزبان ملک کی ہاکی ٹیم کا سخت مقابلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے پنلٹی کارنرکے ماہر اینڈریو ہیوارڈ نے کھیل کا پہلا گول کر کے مقامی شائقین کو خاموش کردیا۔ ارجنٹائن کے پیڈرو ایبارا نے گول برابر کردیا لیکن اِس دوران ارجنٹائن کی ٹیم نے گول کرنے کے کئی موقع ضائع بھی کئے۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کے ہونہار فارورڈ فلپ بورو نے گول کر کے اپنے ملک کوسبقت دلا دی۔ میچ کے آخری دس منٹوں میں نیوزی لینڈ اور ارجنٹائن کی ٹیموں کی جانب سے ایک ایک گول مزید کیا گیا مگر یہ فتح نیوزی لینڈ کے حصے میں آئی۔

Hockey Spieler mit Ball und Schläger
فائنل میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین اتوار کے دن کھیلا جائے گاتصویر: AP

چیمپیئنز چیلنج ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ہاکی کھیل کے دو روایتی حریف ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستان نے یہ میچ تین کے مقابلے میں چھ گولوں سے جیت لیا۔ اِس سال دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا مقابلہ تھا ۔ دونوں میں پاکستانی ٹیم کو جیت نصیب ہوئی۔

سیمی فائنل شروع ہونے کے دوسرے منٹ میں ہی پاکستان کے فارورڈ ریحان بٹ نے گول کرکے پاکستان کو سبقت دلا دی۔ بظاہر ریحان بٹ کی ہٹ میں کوئی زور نہیں تھا لیکن بھارتی ٹیم کے گول کیپر ایڈریان ڈی سوزا البتہ اِس کو روکنے میں ناکام رہے۔ بعد میں آٹھویں منٹ پر پنلٹی کارنر پر بھارتی ٹیم کے دھانجے ماہڈک نے گول برابر کردیا۔ میچ برابر کرنے کے بعد پاکستانی گول پر بھارتی کھلاڑیوں نے تابڑتوڑ حملے کئے۔ گول کیپر سلمان اکبر کا کھیل قابلِ تعریف تھا۔

پہلے ہاف کے بتیسویں منٹ پر ریحان بٹ نے ایک بار پھر شاندار انداز میں بھارتی گول کیپر کو چکمہ دے کر گول کردیا اور اِس کے تین ہی منٹ بعد سہیل عباس نے پنالٹی کارنر سے گول کردیا۔ وقفے پر پاکستان کو ایک کےمقابلے میں تین گول سے برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد دونوں ٹیمیں میدان کے وسط میں کھیلتی رہیں اور کوئی بڑا تال میل یا حملہ دکھائی نہیں دیا۔ پاکستانی ٹیم آہستہ آہستہ دفاع پرغور کرنے لگی تھی کہ بھارتی گول پر فارورڈ کے حملے میں پاکستان کی جانب سے حسیم خان نے چوتھا گول کرکے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت کو مزید مضبوط کردیا۔ آخری بارہ منٹوں میں دونوں ٹیموں نے پانچ گول کئے۔ حسیم خان کے گول کے بعد بھارتی ٹیم کے دھانجے ماہڈک نے اپنا دوسرا گول کر کے پاکستانی برتری کو کم کردیا۔ پاکستان کی جانب سے پانچواں گول بھی ریحان بٹ کی شاندار کھیل کا نتیجہ تھا اور میچ کے آخری منٹ میں سہیل عباس نے چھٹا گول کیا۔ بھارت کی جانب سے تیسرا گول رام دیواکر نے کیا تھا۔

پاکستانی اوربھارتی ٹیم کے دو کھلاڑیوں بربجیت سنگھ اور محمد عرفان کو زرد کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کردیا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ