1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ جرمنی میں

25 اگست 2006

جرمنی میں فٹ بال ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب 6 تا 17 ستمبر ہاکی کا ورلڈ کپ منعقد ہو رہا ہے۔ اِس ٹورنامنٹ میں میزبان جرمنی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھی شرکت کر رہی ہیں۔ اِس عالمی کپ کا میزبان شہرMönchengladbach ہے۔ یہ شہر جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کاحصہ ہے اور اِس کی آبادی تین لاکھ کے قریب ہے۔

https://p.dw.com/p/DYNl
تصویر: AP

یہ شہر ہالینڈ کی سرحد اور خوبصورت شہر ڈُسلڈورف کے بیچ میں آباد ہے۔ اِس شہر کی بنیاد سن 974ء میں پڑی جبکہ اِسے باقاعدہ شہر ہونے کا سرٹیفیکیٹ سن 1336ء میں دیا گیا۔ ابتدا میں یہ صرف گلاڈ باخ کے نام سے پکارا جاتا تھا لیکن مختلف مصلحتوں کے تحت سن 1960ء میں اِس شہر کو اِس کا موجودہ نام دے دیا گیا۔

جرمنی کے کپاس کی مصنوعات اور کارخانوں کی شہرت رکھنے والا شہرRheydt بھی اب Mönchengladbach کا ہی حصہ قرار دیا جا چکا ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد NATO کا یورپی ہیڈ کوارٹر بھی اِسی شہر میں ہے۔

کھیلوں کے حوالے سے بھی یہ شہر اپنی منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں کا فٹ بال کلب، جرمن قومی فٹ بال لیگ میں باقاعدگی سے شرکت کرتا ہے۔ اِسی شہرکے کھلاڑی Nick Heidfeld فارمولا ون میں شرکت کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں۔

ِہاکی عالمی کپ کے انعقاد کے لئے Mönchengladbach میں خصوصی طور پر ایک عالیشان اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ یورپ کا سب سے بڑا ہاکی سٹیڈیم ہے۔ اِس کو Warsteiner HockeyPark کا نام دیا گیا ہے۔

اِس کی تعمیر کا کام اگست سن 2004ء میں شروع ہوا تھا جبکہ اِس نام کی تختی گذشتہ سال اپریل میں نصب کر دی گئی تھی۔ اِسٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح اِس سال اپریل میں ایک چار ملکی ٹورنامنٹ سے ہوا تھا۔ DHB یعنی جرمن ہاکی فیڈریشن کا مرکزی دفتر بھی اِسی اسٹیڈیم میں منتقل کیا جا چکا ہے۔

اِسٹیڈیم کی تین منزلہ شاندار عمارت فنِ تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہے۔ اِس کے اندر اضافی نشستیں نصب کرنے کے بعد یہاں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش 14 ہزار ہو جاتی ہے۔ رنگ برنگی کرسیوں سے ہاکی میدان کا نظارہ انتہائی دلفریب ہو جاتا ہے۔ میدان میں فلڈ لائٹس بھی نصب ہیں۔