1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالبروک کا دورہء جنوبی ایشیاء اور امریکی میڈیا

9 اپریل 2009

پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک اور ایڈمیرل مائک میولن کے دورہء جنوبی ایشیاء کو امریکی میڈیا میں زبردست کوریج دی جارہی ہے۔

https://p.dw.com/p/HTH4
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکی میڈیا میں رچرڈ ہالبروک اور مائک میولن کے دورہء جنوبی ایشیاء کی کوریج کس طرح کی گئی اور کیا تبصرے کئے گئے، اس حوالے سے واشنگٹن میں مقیم ڈان نیوز کے بیورو چیف انور اقبال نے بتایا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں پر امریکہ اور پاکستان کے درمیان اختلافات کو اخبارات میں نمایاں طور پر شامل کیا گیا ہے۔

انور اقبال نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان کی طرف سے قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے علاقوں میں بھی مبینہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر امریکی ڈرون حملوں کی اجازت دی جانی چاہیے تاہم پاکستانی وزیر خارجہ نے اس سے صاف انکار کیا ہے۔

پاکستان اس بات سے بھی ناراض ہے کہ افغانستان کے معاملات میں بھارت کے اثرورسوخ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انور اقبال کہتے ہیں کہ امریکہ بھارت کو جنوبی ایشیاء کے رہنما ملک کی حیثیت سے دیکھتا ہے اور اسی لئے پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارت سے کچھ بھی نہیں کہا جارہا ہے۔

افغانستان اور پاکستان کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے رچرڈ ہالبروک نے امریکی فوج کے سربراہ ایڈمیرل مائک میولن کے ہمراہ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں شدت پسندی کو بھارت، پاکستان، افغانستان اور امریکہ کے لئے ایک مشترکہ خطرہ قرار دیا۔