1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گھوسٹ‘ اور ’ڈرٹی ڈانسنگ‘ کے سویزی انتقال کر گئے

15 ستمبر 2009

ہالی وُڈ کے ممتاز اداکار پیٹرک سویزی انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 57 برس تھی اور وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ 'ڈرٹی ڈانسنگ' اور 'گھوسٹ' جیسی فلمیں پیٹرک سویزی کی وجہء شہرت بنیں۔

https://p.dw.com/p/JfIB
تصویر: AP

بتایا جاتا ہے کہ پیٹرک نے اپنی آخری سانسیں اپنے گھر پر ہی لیں، جہاں ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ ان میں جنوری 2008ء میں لبلبے کے سرطان کے چوتھے مرحلے کی تشخیص ہوئی تھی، جو اس مرض کی جان لیوا شکل ہے۔ اس وقت پیٹرک نے بتایا تھا کہ سرطان ان کے جگر میں پھیل چکا ہے۔ بعدازاں اِس سال جنوری میں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ مزید دو برس زندہ رہیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس مرض کا مقابلہ کریں گے۔

Patrick Swayze verstorben
ہالی وڈ ہال آف فیم میں پیٹرک سویزی کے انتقال پر ان کے نام پر تعزیتی گلدستہ رکھا گیاتصویر: AP

اس کے علاج کے لئے انہوں نے تجرباتی دوائیں استعمال کیں۔ بیماری کے باوجود انہوں نے ٹیلی ویژن کے لئے ایک سیریز 'دی بِیسٹ' میں بھی کام کیا، جو رواں برس کے اوائل میں نشر کی گئی۔ ان کی اس جرأت پر سبھی حیران رہ گئے تھے۔

ان کی فلم 'ڈرٹی ڈانسنگ' 1987ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد وہ پاپ کلچر کی ایک علامت بن گئے تھے۔ اس میں پیٹرک نے جینیفر گرے کے مقابل ایک ڈانس انسٹرکٹر کا کردار نبھایا تھا، جو اس کے پیار میں گرفتار ہو جاتی ہے۔ یہ ایک درمیانے بجٹ کی فلم تھی۔ اس کے پروڈیوسرز کو اس سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں تھیں، پھر بھی انہوں نے اس فلم کے ذریعے امریکی باکس آفس پر 64 ملین ڈالر جبکہ دیگر ممالک سے 214 ملین ڈالر حاصل کئے یعنی یہ فلم بہت بڑی ہِٹ ثابت ہوئی تھی۔

Patrick Swayze Flash-Galerie
سویزی ہالی وڈ کے بہترین اداکاروں میں سے تھےتصویر: AP

یہی نہیں، اسے گولڈن گلوب ایوارڈ کے لئے دو نامزدگیاں بھی حاصل ہوئیں۔ اس کا ایک گانا 'شی از لائیک دی وِنڈ' میوزک چارٹس پر تیسرے نمبر پر رہا۔ یہ فلم دو دہائیوں تک شائقین کے دلوں پر راج کرتی رہی۔

ابھی شائقین فلم 'ڈرٹی ڈانسنگ' کے سحر سے نہیں نکلے تھے کہ 1990ء میں پیٹرک کی ایک اور فلم 'گھوسٹ' نے سلور اسکرین پر دھماکہ کیا۔ کامیابی کے نئے ریکارڈ بنے، پروڈیوسرز کے ہاتھ امریکی باکس آفس پر 217 ملین اور دیگر ممالک سے 505 ملین ڈالر لگے۔ اس فلم کو اکیڈمی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا جبکہ ووپی گولڈبرگ نے اسی فلم سے معاون اداکارہ کا آسکر حاصل کیا۔ ووپی کا کہنا ہے کہ پیٹرک نے انہیں یہ کردار دلوانے کے لئے ہدایت کار کو قائل کیا تھا۔

پیٹرک 18 اگست 1952ءکو ہوسٹن میں پیدا ہوئے۔ فلموں کا رُخ کرنے سے قبل وہ ایک تربیت یافتہ رقاص تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی