1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گھريلو کوڑے سے پيسہ کمانا

23 نومبر 2011

کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی کے جرمن ماہرين آج ويکيوم کلينر ٹیسٹ کرنے کے ليے دنيا بھر کی فرموں کو گھريلو کوڑے کی طرح کا کوڑا کرکٹ فراہم کرتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/13FbO
تصویر: DMT

جرمنی ميں چند برس پہلے تک کوئلے کی کان کنی زوروں پر تھی۔ ليکن وقت کے ساتھ ساتھ اس ميں کمی آتی گئی۔ کان کنوں کو باريک گرد و غبار سے محفوظ رکھنے کے ليے ايسے فلٹر ضروری تھے، جو گرد کے ذرات کو پھيپھڑوں ميں داخل نہ ہونے ديں۔ اس کے ليے ريسرچ کا کام کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی کے ماہرين کو سونپا گيا۔ آج يہ ماہرين ويکيوم کلينر ٹیسٹ کرنے کے ليے دنيا بھر کی فرموں کو گھريلو کوڑے کی طرح کا کوڑا کرکٹ فراہم کررہے ہيں۔

گھروں ميں ويکيوم کلينر سے صفائی کے دوران اس ميں جو کوڑا جمع ہوتا ہے، وہ مختلف مادوں اور ذرات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اکثر گھريلو خواتين يہ کوڑا ديکھتے ہی پريشان ہو جاتی ہيں اور اُن کی سمجھ ميں نہيں آتا کہ آخر اتنا کوڑا کہاں سے اکٹھا ہو جاتا ہے۔ گھروں ميں کوڑا بھاری دھاتی ذروں والا بھی ہوتا ہے، جو ارد گرد کے علاقے میں چلنے والی گاڑيوں اور صنعتی یونٹوں کی وجہ سے بھی پيدا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بال، جسم کی جلد سے جھڑنے والے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے اور کپڑوں کے فائبر اور بُر بھی اس کوڑے ميں شامل ہوتے ہیں۔ بلیوں اور کتوں جيسے پالتو جانوروں کے بال بھی گھريلو کوڑے ميں شامل ہوتے رہتے ہيں۔

گردو غبار اور کوڑے کی پيدا وار
گردو غبار اور کوڑے کی پيدا وارتصویر: DMT

جرمن صوبے نارتھ رائن ويسٹ فيليا کے شہر اَيسن ميں کوئلے اور فولاد کی جرمن صنعت کا دفتر ہے۔ اس دفتر کے کارکن ہيلموٹ پار اپنے تقريباً ايک درجن ساتھیوں کے تعاون سے ايسا کوڑا پيدا کرتے ہيں، جسے دنيا بھر کے مشہور ويکيوم کلينر بنانے والے ادارے اپنی مصنوعات کی تياری اور ٹیسٹنگ کے ليے استعمال کرتے ہيں۔ ويکيوم کلينر تیار کرنے والے ان اداروں میں جرمنی کی مشہور فرموں کے علاوہ امريکہ، آسٹريليا، اسکينڈے نيويا، فرانس، پولينڈ، جاپان اور تائيوان تک کی کمپنياں بھی شامل ہيں۔

ہيلموٹ پار پچھلے 35 برسوں سے ہر قسم کے گرد و غبار کے ذرات پر کام سے منسلک ہيں۔ جب تک جرمنی ميں کوئلے کی کان کنی کے ذريعے پيسہ کمانا ممکن رہا، تب تک کوئلے اور فولاد کی صنعت اور ٹيکنالوجی کی ريسرچ کا مرکزی موضوع  اس شعبے کے کارکنوں کی صحت رہی، يعنی يہ کہ کان کنوں کو کوئلے کی گرد اور ذرات سے کس طرح بچايا جا سکتا ہے تاکہ وہ پھيپھڑوں کے مرض يا کسی اور بیماری کا شکار نہ ہونے پائيں۔ ايسے بہت باريک قسم کے فلٹر ایجاد کيے گئے جو مضر صحت ذرات کو سانس کے راستے پھيپھڑوں ميں جانے سے روک سکيں۔

ليکن کان کنی کی جرمن صنعت جب ختم ہونے لگی تو کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی کو نئے کاموں اور آمدنی کے نئے ذرائع کی تلاش ہوئی۔ دوسری طرف کوئی 10 سال پہلے ويکيوم کلينر تيار کرنے والی کمپنيوں کو ايسے ماہرين کی تلاش تھی، جو ويکيوم کلينرز کی کارکردگی کو آزمانے کے ليے گھريلو کوڑے کی مانند کوڑا اور گرد و غبار مہيا کر سکيں۔ يہ کمپنياں اس کی آزمائش بھی کرنا چاہتی تھيں کہ اُن کے تیار کردہ ويکيوم کلينرز کے فلٹر بہت باريک قسم کے ايسے گرد و غبار کو بھی کس حد تک صاف کرتے ہيں جن سے بعض لوگ الرجی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

جرمن کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی اور گردو غبار
جرمن کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی اور گردو غبارتصویر: DMT

اس طرح کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی اور ويکيوم کلينر بنانے والے اداروں کے درميان تجارت کا آغاز ہوا۔ پورے جرمنی سے لوگوں کو اپنا کوڑا اَيسن بھيجنے کی درخواست کی گئی۔ يہی نہيں بلکہ پورے يورپ سے بھی گھريلو کوڑے کی تھيلياں جمع کی گئيں۔ ان تجربات کے نتيجے ميں گھريلو کوڑے کا ايک ايسا آميزہ تيار کر ليا گيا، جسے دنيا بھر کی فرموں کو فراہم کيا جا سکتا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس کا راز کسی کو نہيں بتايا جاتا ليکن اس کوڑے ميں اُن طرح طرح کے ذرات اور گرد و غبار کو بھی شامل کيا جاتا ہے، جو عام طور پر گھريلو کوڑے کرکٹ ميں ملتے ہيں۔

شہر اَيسن ميں کوئلے اور فولاد کی ٹيکنالوجی کے دفتر کے ماہرين ايسے بستروں کی بھی آزمائش کرتے ہيں جو خاص طور پر گرد وغبار سے الرجی رکھنے والوں کے ليے بنائے جاتے ہيں۔ ایسے خصوصی بستر الرجی پيدا کرنے والے ذرات کو روکتے ہيں۔

اس طرح جرمنی ميں کان کنی کے دوران کی جانے والی ريسرچ اب کئی طرح سے کارآمد ثابت ہو رہی ہے۔

رپورٹ: کلاؤس ڈوئزے / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک