1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گڈفرائیڈے کی تقریبات ، اٹلی میں ماحول سوگوار

Kishwar Mustafa10 اپریل 2009

اٹلی میں ا س بار ایسٹر کا تہوار ایک سوگوار ماحول میں منایا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ اٹلی کے شہرلا کیولا میں آنے والا خوفناک زلزلہ ہے ۔

https://p.dw.com/p/HUYe
گڈفرائیڈے کے موقع پر زلزلے میں مرنے والوں کے لئے کی جانے والی عبادت کا منظرتصویر: AP

آج دنیا بھرمیں مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار گڈ فرائیڈے منا رہی ہے۔ مشرق وسطی میں یروشلم سے لے کرافریقہ، امریکہ اور یورپ کے بڑے شہروں میں گڈ فرائیڈے کے موقع پراجتماعی عبادات اور دیگرتقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ تاہم کیتھولک عیسائیوں کے لئے مذہبی اعتبار سے مرکزی اہمیت کے حامل ملک اٹلی میں اس بارایسٹر کا تہوارایک سوگوار ماحول میں منایا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ اٹلی کے شہرلا کیلا میں آنے والے خوفناک زلزلہ ہے جو تقریباٍ 290 انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پرتباہی کا باعث بنا۔ اطالوی باشندوں نے اس زلزلے میں بے گھر ہوجانے والے ہزاروں شہریوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔

Giorgio Napolitano in Aquila Italien
اطالوی صدر جارجیو ناپولیتانوتصویر: AP

آج صبح سے ہی اطالوی شہرلاکیلا میں لوگ جمع ہونا شروح ہوگئے تھے۔ مسیحیوں کے مذہبی تہوار گڈ فرائیڈے کے موقع پراٹلی میں اس زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والے قریب 290 شہریوں کی یاد میں مرکزی تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہم کی نماندگی کرتے ہوئے ویٹیکن سٹی کے اسٹیٹ سیکریٹری، کارڈینل Tarcisio Bertone، اطالوی صدر جارجیو ناپولیتانو اور وزیراعظم سلویو بیرلسکونی بھی شریک تھے۔ اس موقع پرموجود افراد نم دیدہ اورغمزدہ نظرآ رہے تھے۔ لاکیلا کے آرچ بشپ Giuseppe Molinari نے اجتماعی دعا کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ زدگان کواس کٹھن وقت میں ہرطرح کی مدد دی جا سکے اورامید ہے کہ خداوند زلزلے کے سبب برباد ہو جانے والے اس شہرکی تعمیرنو میں مدد کرے گا۔

دریں اثناء اطالوی حکومت زلزلے کے نتیجے میں گھر بار سے محروم ہوجانے والے ہزاروں افراد کے لئے گیس، بجلی اور پانی کی فراہمی کے کاموں میں تیزی لائی ہے اور منہدم گھروں کی تعمیر نو کے لئے خصوصی معیشی امداد کی بھی پیشکش کی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں کیتھولک عیسائی زائرین نے یروشلم کے اس تاریخی کلیسا کی طرف جانے والے جلوس میں حصہ لیا جہاں کیتھولک عقیدے کے مطابق جضرت عیسیٰ کے مصلوب کیے جانے کے بعد انہیں دفنایا گیا تھا۔

BdT Kreuz wird getragen Jerusalem
گڈ فرائیڈے کے موقع پر یروشلم میں عیسائی زائرینتصویر: AP


اس سال ایسٹر کے مسیحی تہوار والے ویک اینڈ پر ہی دنیا بھر کے یہودی بھی اپنا پیساخ نامی وہ مذہبی تہوار منارہے ہیں جو قدیم مصر سے اسرائیلیوں کے انخلاء اور ان کی غلامی کی زندگی سے آزادی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یروشلم میں آج کی عیسائی اور یہودی مذیبی تقریبات کے موقع پر عسکریت پسند فلسطینیوں کے ممکنہ مسلح حملوں کے خلاف سینکڑوں کی تعداد میں اضافی پولیس اہلکار متعین کئے گئے ہیں۔

ایک طرف گڈ فرائیڈے کی خصوصی عبادات کی جا رہی ہیں اور دوسری جانب اٹلی کے شہرلاکیلا میں زلزلے کے متاثرین کی امداد کرنے والا عملا ملبے میں دبے انسانوں کو نکالنے اور متاثرہ انسانوں کی کمک میں مصروف ہے۔