1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گولڈن گلوب ایوراڈز کی تقریب

امتیاز احمد14 جنوری 2009

چھیاسٹھویں سالانہ گولڈن گلوب ایوارڈز میں برطانوی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘کو چار شعبوں میں گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس نے اتوار کو لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب میں چاروں ایوارڈ جیت لئے۔

https://p.dw.com/p/GWnK
امریکی گلوکارہ جنیفر لوپیز گولڈن گلوب ایوراڈز کی تقریب میںتصویر: picture-alliance/dpa

بھارت میں بنائی جانے والی اس فلم کو بہترین فلم کے علاوہ ، بہترین موسیقار، کہانی نویس اور بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ بھی ملا یعنی کہ ہر چیز بہترین۔

گولڈن گلوب ایوارڈ آسکر کے بعد دنیا کا سب سے بڑا فلم ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔ یہ فلم ایک ایسے نوجوان کی ہے جو کہ ممبئی کی جھوپڑ پٹی میں پلا بڑھا ہے لیکن وہ قسمت کا دھنی ہے اور ’ کون بنے گا کروڑ پتی ‘ ٹی وی شو میں دو کروڑ جبت لیتا ہے لیکن پھر بھی اس کے لیے زندگی اتنی آسان نہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ ممبئی میں ہی کی گئی ہے۔

Danny Boyle Golden Globe
سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے لیے ہی برطانوی ہدایتکار ڈینی بوائل کو بہترین ڈائریکٹر کا گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

گزشتہ سال ہالی وڈ میں فلمی صنعت کی ہڑتال کی وجہ سے گولڈن گلوب منسوخ کر دئے گئے تھے۔

سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے لیے ہی برطانوی ہدایتکار ڈینی بوائل کو بہترین ڈائریکٹر کا گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا ہے جبکہ اسی فلم کے لیے بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ سائمن بیوفوئے اور بہترین موسیقی کا ایوارڈ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کو ملا ہے۔ اے آر رحمن کو یہ ایوارڈ ان کے گانے جے ہو پر دیا گیا جو کہ مشہور شاعر گلزار نے لکھا ہے۔ تقریب میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو ایوارڈ خصوصی طور پرایوارڈ دینے کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔

A. R. Rahman Komponist der Filmmusik von Slumdog Millionaire
اے آر رحمٰن کو بہترین موسیقار کا ایوارڈ دیا گیاتصویر: picture alliance / landov

دیگر ایوارڈز میں مکی رورک نے فلم ’ریسلر‘ کے لیے بہترین اداکار جبکہ برطانوی ادکارہ کیٹ ونسلٹ نے فلم ’ریولیوشنری روڈ‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا گولڈن گلوب جیتا ہے۔


ادکارہ سیلی ہاکنز کو فلم ’ہیپی گو لکی‘ کے لیے مزاحیہ فلم کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے جبکہ مرد اداکاروں میں یہ اعزاز کولن فیرل کے حصے میں آیا ہے۔ ’وکی کرسٹینا بارسلونا‘ نے اس شعبے میں بہترین فلم کا اعزاز جیتا۔

دیگر ایوارڈز میں آنجہانی اداکار ہیتھ لیجر کو بیٹ مین سیریز کی حالیہ فلم ’دا ڈارک نائٹ‘ میں ’جوکر‘ نامی ولن کا کردار ادا کرنے پر بعدازمرگ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

لیجر کا ایوارڈ ’دا ڈارک نائٹ‘ کے ہدایتکار کرسٹوفر نولین نے وصول کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اٹھائیس برس کی عمر میں ہیتھ لیجر کی موت نے سنیما کے مستقبل میں ایک خلاء پیدا کر دیا ہے۔ گولڈن گلوب ایوارڈز کے بعد ہیتھ لیجر کو آئندہ ماہ ہونے والے آسکرز کے لیے بھی ایک مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔

Filmszene Slumdog Millionaire
یہ فلم ایک ایسے نوجوان کی ہے جو کہ ممبئی کی جھوپڑ پٹی میں پلا بڑھا ہے لیکن وہ قسمت کا دھنی ہے اور ’ کون بنے گا کروڑ پتی ‘ ٹی وی شو میں دو کروڑ جبت لیتا ہےتصویر: AP

کارٹون فلم ’وال ای‘ کو بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم اور مشرقِ وسطٰی کےحوالے سے بنائی گئی ’اینیمیٹڈ‘ فلم ’والٹز ودھ بشیر‘ کو غیر ملکی زبان میں بنائی جانے والی بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ ملا۔

'جاز‘ اور ’سیونگ پرائیوٹ ریان‘ جیسی فلموں کے خالق ہدایتکار اور فلمسااز سٹیون سپیل برگ کو سنیما کی لیے ان کی گرانقدر خدمات پر سیسل بی ڈی میل لائف ٹائم اچیومنٹ ایواڈ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عام طور پرگولڈن گلوب ایوارڈز حاصل کرنے والی فلمیں اور فنکار ہی فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکرز کے لیے فیورٹ سمجھے جاتے ہیں اور ماضی میں قریباً ساٹھ فیصد مواقع پر گولڈن گلوب جیتنے والوں نے ہی اکیڈمی ایوارڈز جیتے ہیں۔