1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوئٹس گیورگے کا انتقال: ’ایک غیر معمولی اداکار کی رخصتی‘

عدنان اسحاق 27 جون 2016

معروف جرمن اداکار گوئٹس گیورگے ستتر برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ گیورگے کے انتقال پر جرمن کی سیاسی اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JEGQ
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Ossinger

جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے گوئٹس گیورگے (Goetz George) کی فنکارانہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، ’’گوئٹس کے جانے سے ایک اہم ترین جرمن فنکار اور ایک سچی سوشل ڈیموکریٹ شخصیت ہم سے جدا ہو گئی ہے۔‘‘ اشٹائن مائر نے انہیں ایک غیر معمولی فنکار قرار دیا۔

گوئٹس گیورگے کے ایجنٹ نے کل اتوار چھبیس جون کی شب بتایا تھا کہ اس اداکار کا انتقال انیس جون کو ہیمبرگ میں ہوا تھا اور ان کی خواہش کے مطابق ان کی آخری رسومات میں صرف ان کے انتہائی قریبی افراد نے شرکت کی۔ اس بیان میں گوئٹس گیورگے کی زندگی کے نجی امور کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ وہ شدید بیمار تھے۔ ذرائع کے مطابق انہیں سرطان کے عارضہ لاحق تھا

Schauspieler Goetz George 1981 als Schimanski
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Athenstädt

گوئٹس گیورگے جرمنی کی معروف ترین ٹی وی سیریل ’ٹاٹ اورٹ‘ Tatort میں ایک ہر دلعزیز پولیس انسپکٹر کا کردار بھی ادا کرتے رہے تھے۔ یہ ٹی وی سیریل سالہا سال تک ہر اتوار کو شام آٹھ بجے نشر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد جرمن فلموں میں بھی کام کیا تھا۔ گوئٹس گیورگے کو2007ء میں ان کی خدمات کے اعتراف میں جرمن ٹی وی ایوارڈ سے بھی نواز گیا تھا۔

جرمن وزیر ثقافت مونیکا گرؤٹرز کے مطابق، ’’گوئٹس کے ساتھ ہی جرمنی نے اپنا ایک انتھک محنت کرنے والا اور ہمہ جہت اداکار کھو دیا ہے۔ انہوں نے اپنے خاص انداز کی وجہ سے متعدد کرداروں میں جان ڈالی۔‘‘ مونیکا گرؤٹرز کے بقول گوئٹس گیورگے کی کمی بہت شدت سے محسوس کی جائے گی۔ جرمن سیاستدانوں کے علاوہ بہت سے معروف جرمن اداکاروں اور اداکاراؤں نے بھی گوئٹس کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوئٹس گیورگے نے اپنے فنی کیریئر کے دوران ہر قسم کے کردار ادا کیے۔

گوئٹس گیورگے جولائی 1938ء میں برلن میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں اداکاری ورثے میں ملی تھی۔ ان کے والد ہائنرش گیورگے نازی دور کے ایک اداکار تھے جبکہ ان کی والدہ بَیرٹا ڈریو بھی اسی شعبے سے منسلک رہی تھیں۔ گوئٹس نے بارہ سال کی عمر میں اداکاری شروع کی اور پہلی مرتبہ اسٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد انہوں نے سوال کیا تھا، ’’کیا میں نے اپنے والد کی طرح اچھی اداکاری کی ہے؟

آخری عمر میں ستتر سال کے ہونے کے باوجود اداکاری ان کے لیے ایک مقناطیس کی حیثیت رکھتی تھی اور وہ ہر قسم کے کردار نبھانے کے لیے تیار رہتے تھے۔ 2014ء میں گوئٹس گیورگے کو وفاقی حکومت کی جانب سے ’فیڈرل کراس آف آنر‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی چھوڑی ہے۔