1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گندھارا تہذیب کی نمائش، اب فرانس میں

20 اپریل 2010

جرمن شہر بون میں گزشتہ سال اکیس نومبر سے شروع ہونے والی دنیاء کی قدیم ترین تہذیبوں کی عکاس گندھارا نمائش ، اب فرانس پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/N17A
تصویر: Ratbil Shamel

بدھ سے پیرس میں شروع ہونے والی یہ نمائش سولہ اگست تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کا بنیادی مقصد دنیا بھرمیں پاکستان کا امیج بہتربنانا ہے۔ پاکستان کے شمال مغربی سرحدی علاقوں میں جنم لینے اور پروان چڑھنے والی قدیم گندھارا تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے۔ آج کل انہی علاقوں میں انتہا پسندوں نے اپنی کارروائیوں سے دنیا کو اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے۔

گندھارا تہذیب امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہے۔ اسی لئے اس مخصوص وقت میں اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ یورپ میں عوامی سطح پر آگاہی ہو سکے کہ یہ وہی علاقہ ہے جہاں امن کے داعی گوتم بدھ نے اپنی تعلیمات سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنا گرویدہ بنایا۔

گندھارا تہذیب کو سن دو ہزار ایک کے اوائل میں اُس وقت عالمی سطح پر شناسائی ملی جب انتہا پسندوں نے افغانستان میں بامیان میں نصب گوتم بدھ کے سب سے بڑے مسجمے کو تباہ کر دیا تھا۔

جرمنی سے شروع ہونے والی اس نمائش کو ابھی تک بےحد پزیرائی مل رہی ہے۔ ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے لاہورمیوزیم کی ایڈیشنل ڈائریکٹرحمیراعالم نے بتایا کہ یورپ میں اس نمائش کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے۔ برلن میں منعقد کی گئی اسی نمائش میں وہ یہاں آئی تھیں۔ حمیرا عالم نے کہا کہ یورپ میں ایسی نمائش منعقد کرنے سے لوگوں کو پاکستان کے بارے بہتر معلومات میسر ہو سکیں گی اور پاکستان کا امیج اچھا ہو گا۔

Buddha - Kabul
اس نمائش کو یورپ میں بے حد زیادہ پزیرائی مل رہی ہےتصویر: Ratbil Shamel

اِس نمائش میں وسطی ایشیا کی یونانی ثقافت اور قدیم ہندوستان کے شمال مغربی علاقوں یعنی موجودہ پاکستان سے لے کر افغانستان اور وسطی ایشیا تک کے اُن تمام خطوں کی تہذیب کو پیش کیا جا رہا ہے، جہاں سے گندھارا ثقافت کو عروج حاصل ہوا۔

اِس نمائش میں مہاتما بُدھ کی زندگی کے مختلف ادوار کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ نمائش میں پیش کی جانے والے نوادرات میں پہلی تا پانچویں صدی عیسوی کے مختلف ادوار کے نادر و نایاب سکے اور سونے کے خوبصورت زیورات بھی رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں نہ صرف قدیم گندھارا دور کے فنکاروں کے فن اور اُن کی مہارت پر روشنی ڈالی جا رہی ہے بلکہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ اُس دور کی غیر معمولی ثقافت نے موجودہ پاکستان کی ثقافت پر کیا اثرات مرتب کئے ہیں۔

فرانس میں شروع ہونے والی گندھارا تہذیب کے نمونوں پر مشتمل اس نمائش کا افتتاح پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کرنا تھا تاہم آئس لینڈ میں پھٹنے والے آتش فشاں کی راکھ فضا میں بکھر جانے کے سبب پروازیں ابھی تک تعطل کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق پیرس نہ پہنچ پائے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفٰے