1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گزشتہ 10 برسوں کے دوران جرمنی میں دہشت گردی کی کوششیں

9 ستمبر 2011

نائن الیون حملوں کے دس برس مکمل ہونے سے محض تین روز قبل یعنی جمعرات آٹھ ستمبر کو جرمن دارالحکومت برلن سے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12VpE
تصویر: dapd

گزشتہ 10 برسوں کے دوران جرمن سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنائے ہیں، سوائے ایک مسلم نوجوان کی طرف سے رواں برس مارچ میں فرینکفرٹ ایئر پورٹ پر امریکی فوجیوں پر فائرنگ کے واقعے کے، جس میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔ ان دہشت گردانہ منصوبوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔

2004ء برلن: تین دسمبر 2004ء کو برلن پولیس نے عراقی وزیر اعظم ایاد علاوی کے دورے کے موقعے پر تین  عراقی شہریوں کو گرفتار کیا۔ اسلامی گروپ انصار الاسلام سے تعلق رکھنے والے یہ شدت پسند علاوی پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔ جرمنی کی ایک عدالت نے انہیں 2008ء میں سات سے ساڑھے 10 برس تک کی سزائے قید سنائی تھی۔

2006ء کولون: 31 جولائی 2006ء کو مسلم عسکریت پسندوں نے کولون کے مرکزی اسٹیشن پر دو علاقائی ٹرینوں میں سوٹ کیسوں میں نصب بم رکھ دیے۔ خوش قسمتی سے یہ بم پھٹ نہ سکے اور بڑے نقصان سے بچت ہوگئی۔ اس جرم کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہیں ڈوسلڈورف کی ایک عدالت نے 2008ء میں 12 برس قید کی سزا سنائی۔

جولائی 2006ء میں مسلم عسکریت پسندوں نے کولون کے مرکزی اسٹیشن پر دو علاقائی ٹرینوں میں سوٹ کیسوں میں نصب بم رکھ دیے
جولائی 2006ء میں مسلم عسکریت پسندوں نے کولون کے مرکزی اسٹیشن پر دو علاقائی ٹرینوں میں سوٹ کیسوں میں نصب بم رکھ دیےتصویر: AP

2007ء میڈے باخ: جرمن پولیس نے جرمنی میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں پر حملوں کے ایک بڑے منصوبے کا پتہ لگایا۔ منصوبہ سازوں میں جنہیں زاور لینڈ گروپ کا نام دیا گیا، مسلمان ہونے والے دو جرمن شہری اور ایک ترک شہری شامل تھا۔ ان افراد کو ڈوسلڈورف کی ایک عدالت نے مارچ 2010ء میں پانچ سے 12 برس کے درمیان سزائے قید سنائی گئی۔

2011ء فرینکفرٹ ام مائن: کوسووو سے تعلق رکھنے والے ایک 21 سالہ نوجوان نے  رواں برس دو مارچ کو فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر فائرنگ کرکے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ دو دیگر فوجی شدید زخمی بھی ہوئے۔  یہ فوجی فرینکفرٹ سے افغانستان جا رہے تھے۔ اس حملے کو جرمن سرزمین پر پہلا جہادی حملہ قرار دیا گیا تھا۔ اس نوجوان کے خلاف مقدمے کا آغاز گزشتہ ہفتے ہی ہوا ہے۔

کوسووو سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے دو مارچ کو فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر فائرنگ کرکے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا
کوسووو سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے دو مارچ کو فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر فائرنگ کرکے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیاتصویر: AP

2011ء ڈوسلڈورف: رواں برس 29 اپریل کو پولیس نے مبینہ طور پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے تین  مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، جن پر شبہ تھا کہ وہ دسمبر 2010ء سے جرمنی میں بم حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان مشتبہ افراد میں سے ایک مراکشی شہری، ایک مراکش نژاد جرمن جبکہ ایک ایران نژاد جرمن شہری شامل تھا۔ اطلاعات کے مطابق ان سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

اس کے علاوہ 11سمبر 2001ء کے حملہ آوروں میں سے تین امریکہ منتقل ہونے سے قبل جرمنی کے ساحلی شہر ہیمبرگ میں رہائش پذیر رہے تھے۔ ان میں حملہ آوروں کا سربراہ اور ورلڈ ٹریڈ سنٹر سے پہلا جہاز ٹکرانے والا محمد عطا بھی شامل تھا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں