1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گالیانو کو ’ہٹلر سے محبت‘ بہت مہنگی پڑی

2 مارچ 2011

فیشن ڈیزائننگ کے شعبے کی مشہور فرانسیسی کمپنی Dior نے اپنے چیف ڈیزائنر جان گالیانو کے خلاف ایک قابل اعتراض ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد باقاعدہ کارروائی شروع کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/R5PH
تصویر: picture alliance / dpa

جان گالیانو فیشن کی دنیا کی ایک معروف شخصیت ہیں اور ان کی ذات کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں وہ نہ صرف پیرس کے ایک مشہور کیفے کے گاہکوں کی تذلیل کرتے ہوئے نظر آتے ہیں بلکہ اسی ویڈیو میں وہ نازی جرمن رہنما ہٹلر کے بارے میں یہ اعلان کرتے ہوئے بھی دیکھے جا سکتے ہیں: ’’میں ہٹلر سے محبت کرتا ہوں۔‘‘

Dior کے اس برطانوی ڈیزائنر کو گزشتہ ہفتہ ان کی آجر کمپنی کی طرف سے معطل بھی کر دیا گیا تھا۔ ایسا ان کی گرفتاری اور فرانسیسی پولیس کی طرف سے گالیانو سے ان الزامات سے متعلق پوچھ گچھ کے بعد کیا گیا تھا کہ انہوں نے پیرس کے ایک کیفے میں ایک مہمان جوڑے کی تذلیل کی تھی اور ساتھ ہی غصے میں سامیت دشمن کلمات بھی کہے تھے۔

Flash-Galerie John Galliano
جان گالیانوتصویر: picture-alliance/dpa

منگل کے روز برطانوی اخبار The Sun کی طرف سے پیرس کے اسی کیفے میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی۔ اس واقعے میں بھی جان گالیانو نے اسی طرح کے طرز عمل کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس ویڈیو کے اجراء کے بعد فرانسیسی دارالحکومت میں Dior کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ جان گالیانو کو برطرف کر دیا جائے گا۔

اس بارے میں پرفیوم، فیشن ملبوسات اور دیگر بہت سی پرتعیش مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی Christian Dior کے مینیجنگ ڈائریکٹر سڈنی تولیدانو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو کچھ جان گالیانو نے کہا ہے، وہ قابل مذمت ہے اور ایسی سوچ ان تمام اقدار کی نفی کرتی ہے، جن کی Christian Dior ایک ادارے کے طور پر ہمیشہ حفاظت کرتا آیا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں