1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گائیوں کی ممتا: بچھڑوں کو بچانے کے لیے عورت کو مار ڈالا

مقبول ملک2 اگست 2015

سوئٹزرلینڈ میں حکام کے مطابق ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں ’لاکس‘ کے سیاحتی تعطیلاتی مقام کے قریب ایک ستّتر سالہ جرمن خاتون سیاح کو ایک پہاڑی باڑے کی گائیوں نے اپنے بچھڑوں کو بچانے کی کوشش میں کُھروں تلے روند کر مار ڈالا۔

https://p.dw.com/p/1G8bz
erstaunte Kuh
تصویر: Fotolia/Dudarev Mikhail

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی اتوار دو اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق سوئس پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خاتون جرمن دارالحکومت برلن کی شہری تھی، جو چھٹیاں منانے کے لیے ایلپس کے پہاڑی سلسلے کے اس سوئس علاقے میں گئی ہوئی تھی۔

یہ خاتون سیاح بظاہر اس پہاڑی علاقے کے ایک کیبل کار اسٹیشن سے پہاڑوں ہی میں واقع ایک ریستوراں کی طرف جا رہی تھی کہ اپنا راستہ چھوٹا اور پیدل سفر کم کرنے کے لیے وہ ایک ایسے علاقے میں داخل ہو گئی، جسے باڑ لگا کر غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کیا گیا تھا۔

یہ پہاڑی علاقہ دراصل ایک ایسا نجی باڑا تھا جہاں ایک مقامی کسان نے اپنی بہت سی گائیوں کو چرنے کے لیے کھلا چھوڑا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق اس جرمن خاتون نے جب ’شارٹ کٹ‘ استعمال کرتے ہوئے اس باڑے میں موجود گائیوں کے ریوڑ کے بیچ میں سے گزرنا چاہا، تو وہاں اپنے بچھڑوں کے ساتھ موجود یہ مویشی بدک گئے۔

سوئس پولیس کے اہلکاروں نے ہفتہ یکم اگست کو پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں ڈی پی اے کو بتایا، ’’یہ گائیں بظاہر خوف زدہ ہو کر اپنے بچھڑوں کو بچانے کی کوشش کر رہی تھیں اور اسی دوران انہوں نے اس بزرگ خاتون کو اپنے کُھروں تلے کچل ڈالا۔‘‘

اس واقعے کو اتفاق سے قریب ہی سے گزرنے والے ایک سائیکل سوار نے بھی دیکھا، جس نے فوراﹰ ہی حکام کو مطلع کر دیا۔ تھوڑی ہی دیر بعد اس خاتون کو بچانے کے لیے ایک مقامی ٹیم کے ساتھ ایک ڈاکٹر بھی موقع پر پہنچ گیا لیکن تب تک یہ زخمی خاتون اسی جگہ پر دم توڑ چکی تھی، جہاں گائیوں نے اسے کچل ڈالا تھا۔