1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیپ ٹاوٴن میں فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا ڈرا

4 دسمبر 2009

دُنیا بھر میں لاکھوں کروڑوں فُٹ بال شائقین آئندہ سال کے عالمی کپ کے لئے ٹیموں کے ڈرا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فُٹ بال ٹورنامنٹ میں کُل 32 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/KqCK
تصویر: AP

ڈرا کے بعد ہی ان ٹیموں کو یہ معلوم ہوگا کہ وہ کس گروپ میں ہیں، وہاں اُن کی حریف ٹیمیں کون کون سی ہیں اور کس دن اُن کا مقابلہ کون سی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔

ورلڈ کپ 2010ء ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ گیارہ جون کو جبکہ فائنل میچ ایک ماہ بعد یعنی گیارہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل جوہانسبرگ کے ساکر سٹی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے ڈرا کے سلسلے میں جمعہ، چار دسمبر کو کیپ ٹاوٴن میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور نوبل امن انعام یافتہ نیلسن منڈیلا اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے تقریب میں شریک افراد سے خطاب کریں گے۔ جنوبی افریقہ میں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے 91 سالہ منڈیلا کے کردار کو اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

فیفا کے صدر Sepp Blatter جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما اور آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کے ہمراہ ڈرا کی تقریب کا افتتاح کریں گے۔ کیپ ٹاون میں اس خصوصی تقریب کے موقع پر انگلینڈ کے معروف فُٹ بال سٹار ڈیوڈ بیکھم اور جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام کرکٹر مکھایا اینٹینی بھی موجود رہیں گے۔ لیکن ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے کوچ اور سابق کپتان ڈیگو میراڈونا اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گے کیونکہ ابھی حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں ’’قابل اعتراض‘‘ جملے کہنے پر اُن کے خلاف فٹ بال کی کسی بھی چھوٹی بڑی تقریب میں حصّہ لینے پر دو ماہ تک کی پابندی عائد ہے۔

تمام فٹ بال شائیقن کی نظریں فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی پر بھی مرکوز ہوں گی، جو 83 ہزار میل سے زائد کا عالمی سفر طے کر کے کیپ ٹاون پہنچی۔ کیپ ٹاوٴن پہنچنے سے قبل اس ٹرافی نے براعظم افریقہ کے تقریباً تمام ہی ممالک کا سفر کیا۔

دریں اثناء انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کی آٹھ بڑی یعنی ٹاپ سیڈڈ ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اسے گروپ اسٹیج میں اسپین، برازیل، ارجنٹائن، جرمنی، ہالینڈ، عالمی چیمپیئن اٹلی اور میزبان جنوبی افریقہ کا مقابلہ نہیں کرنا پڑے گا۔

ڈرا کے ذریعے 32 ٹیموں کو آٹھ مختلف گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، یعنی ہر گروپ میں چار ٹیمیں رکھی جائیں گی۔ ٹاپ سیڈڈ ٹیمیں پاٹ ون میں ہیں۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں ہی ناک آوٴٹ اسٹیج کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

ڈرا کی تقریب 90 منٹ تک جاری رہے گی اور اسے براہ راست ٹیلی وژن پر دکھایا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں شامل بتیس ٹیمیں ہیں: جنوبی افریقہ، برازیل، اسپین، ہالینڈ، اٹلی، جرمنی، ارجنٹائن، انگلینڈ، جاپان، جنوبی کوریا، شمالی کوریا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکہ، میکسیکو، ہونڈوراس، آئیوری کوسٹ، گھانا، کیمرون، نائیجیریا، الجزائر، پیراگوائے، چلی، یوروگوائے، فرانس، پرتگال، سلووینیا، سوئٹزرلینڈ، یونان، سیربیا، ڈنمارک اور سلوویکیا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی