1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیون پیٹرسن انگلینڈ ٹیم کے نئے کپتان مقرر

گوہر نذیر4 اگست 2008

کپتانی سے مائکل وان کے استعفے کے فوراً بعد ہی انگلینڈ کرکٹ بورڈ، ECB، نے کیون پیٹرسن کوٹیسٹ اور محدود اووروں کے بین الاقوامی میچوں کے لئے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے ۔

https://p.dw.com/p/EqRy
کیون پیٹرسن کہتے ہیں کہ کپتانی کی ذمہ داری کے باوجود وہ کھیلنے کا اپنا جارحانہ انداز جاری رکھنا چاہتے ہیںتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں کیون پیٹرسن بحیثیت کپتان، انگلینڈ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ پیٹرسن کا شمار ٹیم کے ایسے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کی جگہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں، دونوں ہی فارمیٹس میں، یقینی ہے۔

Kevin Pieterson und Munaf Patel
کیون پیٹرسن بیٹنگ کے اپنے جارحانہ انداز کے لئے دنیا کرکٹ میں مشہور ہیںتصویر: AP

ٹیم کا کپتان مقرر کئے جانے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوے کیون پیٹرسن نے کہا: ’’ میں بہت ہی خوش ہوں کہ مجھے انگلینڈ ٹیم کی کپتانی کرنے کا موقعہ دیا گیا ہے۔ یہ میرے لئے فخر اور وقار کی بات ہے اور ساتھ ہی میرے بین الاقوامی کیرئیر کے اس موڑ پر ایک بہت بڑا چیلنج بھی۔‘‘

جب پیٹرسن سے یہ پوچھا گیا کہ آیا کپتانی کی ذمہ داری کے باعث ان کی بیٹنگ کے جارحانہ انداز پر کوئی اثر پڑے گا تو انہوں نے کہا: ’’یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ لیکن مجھے امید ہے کہ میں ویسے ہی بیٹنگ کروں گا اور کھیلوںگا جیسے میں کھیلتا رہا ہوں اور اپنے اسی جارحانہ انداز سے میں اب تک کامیاب بھی رہا ہوں۔‘‘

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پیر کو لارڈس میں اس بات کی تصدیق کی کہ کیون پیٹرسن ہی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔