1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا پاکستان کا پیس اٹیک کیویز کو اَپ سیٹ کر سکتا ہے؟

طارق سعید، لاہور14 جنوری 2016

پاکستان کرکٹ ٹیم 2015ء کی طرح 2016ء کا آغاز بھی کیویز کے دیس میں کر رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان محدود اوورز کے چھ بین الاقوامی میچوں کے سلسلے کا پہلا میچ جمعے کو مشہور زمانہ ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HcuB
Cricket Twenty20 World Cup 2012 Pakistan Neuseeland
پاکستانی بالر عمر گل کےلیے یہ سیریز ’میک یا بریک‘ کی حامل ہےتصویر: Reuters

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ہوم گراونڈ پر اپنے جوبن پر ہے۔ گزشتہ بارہ ماہ میں کیویز نے ہم وطنوں کے سامنے ستائیس میں سے چوبیس بین الاقوامی میچ جیتے ہیں۔ حال ہی میں سری لنکا کو بے حال کرتے ہوئے اسی ایڈن پارک پر نیوزی لینڈ نے ٹونٹی ٹونٹی میں ایک سو سینتالیس رنز کا ہدف محض دس اوورز میں پا لیا تھا۔

پاکستانی کوچ وقار یونس کو اس بات اعتراف ہے اور وہ کہتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کے دورے اب ہمارے لیے نوے کی دہائی کی طرح آسان نہیں رہے۔ یہ ٹیم بہت بدل چکی ہے۔ وہ اِن فارم ٹیم ہے، اس لیے اسے ہرانے کے لیے ہمیں خبردار رہ کر ان سے اچھا کھیلنا ہو گا۔ وقار کے بقول پاکستان ٹیم کا ’پیس اٹیک‘ نیوزی لینڈ کو اَپ سیٹ کر سکتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے باؤلنگ اٹیک میں سب سے اچھا اضافہ اسپاٹ فکسنگ کی پاداش میں سزا بھگتنے والے محمد عامر ہیں، جو پانچ سال پانچ ماہ بعد جمعہ کو دوبارہ سبز پاکستانی جرسی پہنیں گے۔ ان کے علاوہ چوٹوں سے چھٹکارا پانے والے عمر گل اور عماد وسیم کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے جمعرات کو بتایا کہ عامر کی واپسی سے پاکستان کی باؤلنگ مضبوط ہو گی۔ وہ ڈریسنگ روم میں بہت پراعتماد لگ رہا ہے، جو اچھا شگون ہے۔

پاکستان آئی سی سی کی عالمی رینکنگ کے باقاعدہ اجراء کے بعد کبھی کسی فارمیٹ میں پہلے نمبر پر نہیں آ سکا لیکن ٹونٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچوں میں کلین سویپ اسے یہ اعزاز دلا سکتا ہے۔ تاہم کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ انہیں رینکنگ سے زیادہ جیت کی فکر ہے۔ آفریدی نے کہا کہ ہمیں ایک سخت حریف کو ہرانے کے لیے سخت کھیل کھیلنا پڑے گا۔ ہم نے لاہور کے تربیتی کیمپ میں ٹونٹی ٹونٹی شاٹس مارنے کی مہارتوں پر بہت محنت کی، جو سیریز میں ضرور رنگ لائے گی۔ آفریدی کے بقول نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیشہ اپنے گھرپر اچھا کھیلتی آئی ہے لیکن ہم اسے ماضی میں بھِی ہراتے رہے اور اس بار بھی ایسا ممکن ہے۔

پاکستانی چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا کیونکہ پاکستان ٹونٹی ٹونٹی کی ایک تجربہ کار ٹیم بن چکی ہے اور وہ سری لنکا کی طرح نیوزی لینڈ کے لیے تر نوالہ ثابت نہیں ہو گی۔

Cricket Twenty20 World Cup Sri Lanka Pakistan Neuseeland
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی برینڈن میکلم وکٹ کیپر کے طور پر پاکستانی بلّے باز محمد حفیظ کو ہِٹ لگاتے دیکھ رہے ہیںتصویر: Reuters

توقع ہے کہ احمد شہزاد اور محمد حفیظ پاکستان کی اوپننگ بیٹنگ کی باگ ڈور پھر سے سنبھال لیں گے۔ ہارون رشید کے مطابق اس صورت میں صہیب مقصود کو ون ڈاؤن پوزیشن پر کھلانے کی ضرورت ہو گی کیونکہ وہ نئی گیند کو اچھا کھیلتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ہارون کا کہنا تھا کہ عمر گل کےلیے یہ سیریز ’میک یا بریک‘ کی حامل ہے۔

دوسری طرف اس سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت برینڈن میکلم کی جگہ کین ولیم سن کریں گے۔ برینڈن میکلم جو اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد کرکٹ کو زمانہ عروج میں خیر باد کہنے کا اعلان کر چکے ہیں، ان دنوں کمر کے درد میں مبتلا ہیں۔

پاکستان کو کیویز کے خلاف اب تک کھیلے گئے گیارہ میں سے سات ٹونٹی ٹونٹی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید