1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کھلاڑی کا ہاتھ سے پستول بنا کر اشارہ، 35 ہزار ڈالر جرمانہ

مقبول ملک ڈی پی اے
25 اکتوبر 2017

امریکا کی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے ایک لیگ میچ کے دوران ایک کھلاڑی کی طرف سے اسٹیڈیم میں موجود ایک فین کی طرف ہاتھ سے پستول بنا کر کیے گئے ایک اشارے پر اس نوجوان باسکٹ بالر کو پینتیس ہزار ڈالر جرمانہ کر دیا۔

https://p.dw.com/p/2mSld
تصویر: Brocreative - Fotolia.com

امریکی شہر نیو یارک سے بدھ پچیس اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن یا این بی اے کا یہ لیگ میچ شہر فِینکس کی ٹیم Phoenix Suns اور لاس اینجلس کی ٹیم Los Angeles Clippers کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔

اس میچ میں فِینکس کی طرف سے ٹیم میں شامل کیے گئے 20 سالہ نئے سٹار کھلاڑی جوش جیکسن بھی کھیل رہے تھے۔ اکیس اکتوبر ہفتے کے روز کھیلا گیا یہ میچ فِینکس سنز کی ٹیم لاس اینجلس کلِپرز کے ہاتھوں 88 کے مقابلے میں 130 کے اسکور سے ہار گئی تھی۔

باسکٹ بال میں ہیڈ ویئر کی اجازت ایک تاریخی عالمی فیصلہ

’حجاب کا تنازعہ‘، قطری خواتین باسکٹ بال ٹیم ایشیائی گیمز سے دستبردار

اس میچ کے دوران جوش جیکسن نے باسکٹ بال کورٹ پر چلتے ہوئے اپنے دائیں ہاتھ سے شائقین میں موجود ایک شخص کی طرف اپنی شہادت کی مڑی ہوئی انگلی کو بار بار ہلاتے ہوئے اشارہ کیا تھا، جس پر اب این بی اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ ہاتھ سے بنائی گئی ایک فرضی پستول کا ایسا اشارہ تھا، جو جیکسن کو نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ساتھ ہی این بی اے نے ہاتھ کے اس غلط اشارے اور ایک کھلاڑی کے طور پر کورٹ پر نامناسب رویے کی وجہ سے جوش جیکسن کو 35 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا بھی سنا دی۔

اپنے خلاف این بی اے کے اس فیصلے کے بعد جوش جیکسن نے کہا کہ انہیں اس میچ کے دوران شائقین میں موجود ایک شخص کی طرف سے اونچی آواز میں مسلسل تنقید اور زچ کر دینے کی حد تک جارحانہ جملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

جیکسن نے کہا، ’’میں دراصل اس شخص کو اپنے ہاتھ کی درمیانی انگلی سے (سماجی طور پر برا سمجھا جانے والا) اشارہ کرنا چاہتا تھا۔ لیکن پھر میں نے اپنا یہ ارادہ ترک کر دیا۔ اسی کے بعد یہ تاثر ابھرا کہ اس وقت میرے دائیں ہاتھ اور انگلیوں کی جو شکل بنتی تھی، وہ دیکھنے میں کسی پستول جیسی تھی۔‘‘