1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوکا کولا کا خفیہ فارمولا اب ’منظر عام‘ پر

9 دسمبر 2011

مشروب بنانے والی مشہور امریکی کمپنی کوکا کولا پہلی مرتبہ اپنا خفیہ فارمولا عوامی نظارے کے لیے پیش کر رہی ہے تاہم اٹلانٹا میوزیم میں عوام اس دھاتی ڈبے کو ہی دیکھ سکیں گے، جس میں یہ فارمولا رکھا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13PD3

جنوبی امریکی شہر اٹلانٹا میں سن 1925 سے یہ فارمولا ایک بینک میں محفوظ تھا اور اب اسے اسی شہر میں ورلڈ آف کوکا کولا نامی نمائش میں رکھا جا رہا ہے۔ یہیں کوکا کولا کمپنی کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔

کوکا کولا کے چیف ایگزیکٹو مہتر کینٹ نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ’کوکا کولا کی تاریخ کا یہ ایک خصوصی دن ہے۔ اسی برس ہماری 125ویں سالگرہ ہے اور یہ اس فارمولے کی نمائش کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔‘‘

میوزیم کے ڈائریکٹر آرکائیو فِل مونی کے مطابق، ’کوکا کولا نے ہمیشہ اس فارمولے کی بھرپور حفاظت کی ہے اور ورلڈ آف کوکا کولا نمائش میں بھی، جہاں دنیا بھر سے لوگ اس نادر موقعے میں شریک ہونے آئیں گے، اس فارمولے کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات کیے گئے ہیں۔‘‘

Flash-Galerie Coca Cola 125 Jahre
اس فارمولے کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیںتصویر: AP

واضح رہے کہ کوکا کولا کا فارمولا اٹلانٹا کے ایک دوا ساز جون ایس پیمبرٹن کے ہاتھوں 1886ء میں اتفاقیہ بنا تھا۔ اس مشروب کے فارمولے کے تحفظ کے لیے اس کے اجزائے ترکیبی صرف چند لوگوں کو ہی بتائے گئے تھے اور اِسے کبھی نہیں لکھا گیا تھا۔ تاہم 1919ء میں بینک کا قرض چکانے کے لیے کوکا کولا کے مالک ایرنیسٹ وڈرُف نے پہلی بار یہ فارمولا لکھ کر بینک کے سپرد کیا تھا۔ اس کے بعد یہ نیویارک کے ایک بینک میں محفوظ رہا۔ 1925ء میں بینک کا قرض چکا دینے کے بعد یہ فارمولا کوکا کولا نے دوبارہ حاصل کیا اور تب سے اسے ٹرسٹ کمپنی بینک میں، جسے اب سن ٹرسٹ کہا جاتا ہے، حفاظت سے رکھا گیا ہے۔ 1925ء کے بعد پہلا موقع ہے، جب اس فارمولے کو ورلڈ آف کوکا کولا میوزیم میں منتقل کیا گیا ہے۔

کوکا کولا اپنے اسے برانڈ مشروب کے علاوہ بہت سے دیگر الکوحل فری اور اینرجی ڈرنکس بنانے والا ادارہ ہے۔ کوکا کولا کے دیگر مشہور مشروبات میں فانٹا اورسپرائٹ شامل ہیں جبکہ یہ کمپنی جوس اور ڈبہ بند کافی اور چائے بھی تیار کرتی ہے۔

دنیا بھر میں روزانہ اس ادارے کے مشروبات استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 1 اعشاریہ سات بلین سے زائد بتائی جاتی ہے جبکہ اس کمپنی کے ملازمین کی تعداد سات لاکھ ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی