1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولکتہ میں فلائی اوور منہدم، 15 افراد ہلاک

کشور مصطفیٰ31 مارچ 2016

جمعرات کے روز مشرقی بھارتی شہر کولکتہ میں ایک زیرتعمیر پل کے انہدام کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1INJG
Indien Kolkata eingestürzte Straßenüberführung
تصویر: Reuters/R. de Chowdhuri

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز اس فلائی اوور کے انہدام کے وقت اس پل کے نیچے متعدد گاڑیاں کھڑی تھیں، جن میں ایک بس بھی شامل تھی۔ حکام کے مطابق اس پل کا قریب سو میٹر کا حصہ اچانک نیچے آن گرا، جس کی زد میں متعدد گاڑیاں آ گئی۔ کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پرمتعدد افراد اس پل کے ملبے تلے دب گئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے ہنگامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق یہ پُل زیرتعمیر ایک مصروف سڑک پر گرا، جس کی زد میں متعدد راہ گیر، کاریں اور دیگر گاڑیاں آ گئیں۔

Indien Kolkata eingestürzte Straßenüberführung
اس پل کے ملبے تلے اب بھی متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیںتصویر: Reuters/R. de Chowdhuri

بھارت کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے ترجمان انورگ گُپتا کے مطابق، ’’14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

گُپتا کا مزید کہنا تھا، ’’امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ پل کے ملبے کے نیچے دب جانے والوں کو بچایا جا سکے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ ابتدا میں پولیس اور راہ گیروں نے ہاتھوں کی مدد سے اسٹیل کی سلاخوں اور گارڈرز کو ہٹانے کی کوشش کی۔ اے ایف پی کے مطابق ملبے تلے متعدد افراد کی نعشیں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔

مقامی ٹی وی چینلز پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں فوجی دستے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں جب کہ عام افراد بھی بانس کے ڈنڈوں کے ذریعے ملبے کو ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔

گپتا نے بتایا کہ خصوصی امدادی ٹیم کنکریٹ کاٹنے والے آلات، ڈرل مشینوں اور زندگی کو محسوس کرنے والے سینسرز کے ساتھ جلد ہی جائے حادثہ پر پہنچ رہی ہے، جب کہ کرینیں بھی اس پل کے ملبے کو ہٹانے کے کام میں استعمال کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ مشرقی بھارتی شہر کولکتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی بھی کرنے جا رہا ہے۔ اتوار کے روز اس فائنل مقابلے میں ہزاروں شائقین کی اس شہر میں آمد متوقع ہے۔